نریندر مودی نے پاکستانی سرحد کے قریب ’ایئر بیس‘ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اپ ڈیٹ 20 اکتوبر 2022
نریندر مودی نے کہا بھارتی  افواج ہتھیار بنانے میں خود انحصار ہو رہی ہیں— فائل فوٹو: رائٹرز
نریندر مودی نے کہا بھارتی افواج ہتھیار بنانے میں خود انحصار ہو رہی ہیں— فائل فوٹو: رائٹرز

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت-پاکستان سرحد کے قریب شمالی گجرات میں نئے ایئربیس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیس ملک کی سلامتی کے لیے موثر مرکز کے طور پر سامنے آئے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ریاست میں دفاعی نمائش کے افتتاح اور انڈین اوشین رم ایسوسی ایشن کے وزرائے دفاع کی میٹنگ کے بعد کیا گیا جن میں زیادہ تر افریقی ممالک شامل ہیں۔

بدھ کے روز ہی نئی دہلی میں نریندر مودی نے دہشت گردی اور دیگر جرائم سے متعلق بھی اظہار خیال کیا جب کہ انہوں نے 90ویں انٹرپول جنرل اسمبلی کا افتتاح کیا جو دنیا کی سب سے بڑی عالمی پولیس آرگنائزیشن کی اعلیٰ ترین گورننگ باڈی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’بیٹی بچاؤ کے بجائے بیٹی پٹاؤ‘ کہہ جانے پر نریندر مودی پر مذاق

اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل محسن بٹ کر رہے ہیں جہاں انہیں بھارتی میڈیا کی جانب سے بھارت کو مطلوب افراد کی گرفتاری اور حوالگی سے متعلق سوالات کا سامنا رہا جن کا انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔

انٹرپول کانفرنس میں 166 ممالک اور 700 سے زائد نمائندے شریک ہیں، کانفرنس کے اعلامیے کے مطابق مجرمانہ سرگرمیوں کی غیر معمولی پیچیدگیوں سے متعلق وزرا، پولیس سربراہان اور قانون نافذ کرنے والے اعلیٰ حکام تبادلہ خیال کر رہے ہیں کہ قومی اور علاقائی سلامتی کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لیے کس طرح گروپ کو مضبوط کیا جائے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ اس وقت دنیا کو بہت سے عالمی خطرات کا سامنا ہے جن دہشت گردی، بدعنوانی، منشیات اسمگلنگ، غیر قانونی شکار اور منظم جرائم شامل ہیں، جب درپیش خطرات عالمی ہوں تو مقامی ردعمل مناسب نہیں ہو سکتا، ان درپیش خطرات کی تبدیلی کی رفتار بھی پہلے سے کہیں زیادہ تیز ہے۔

انہوں مزید کہا کہ محفوظ دنیا بنانا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جب اچھائی کی قوتیں تعاون کرتی ہیں تو بدی کی قوتیں کام نہیں کر سکتیں۔

اس موقع پر انٹرپول کے صدر احمد ناصر الرئیسی نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے پولیسنگ ادارے کے طور پر اس بات کو یقینی بنانا انٹرپول کا کام ہے کہ اسے تمام ممالک کی حمایت حاصل ہو۔

مزید پڑھیں: پاکستان نے مودی کا تنازع کشمیر کو ’حل‘ کرنے کا دعویٰ سختی سے مسترد کردیا

انہوں نے کہا کہ شراکت داری اور معلومات کا تبادلہ جرائم سے بہتر طریقے سے نمٹنے اور روکنے میں ہماری مدد کرتا ہے، انٹرپول ڈیٹا بیس وہ بنیاد ہے جو ہمارے کام کو سپورٹ کرتی ہے اور اس میں ہر ملک کا تعاون اہم ہے۔“

اس 4 روزہ کانفرنس میں پہلی مرتبہ انٹرپول گلوبل کرائم ٹرینڈ رپورٹ جاری کی جائے گی جو دنیا کو درپیش موجودہ اور ابھرتے خطرات پر روشنی ڈالنے کے لیے تنظیم کے 195 رکن ممالک کے ڈیٹا اور انفارمیشن کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔

رپورٹ میں جن بڑے جرائم کے خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں مالی اور سائبر کرائمز کو خاص طور پر باعث تشویش قرار دیا گیا ہے۔

انٹرپول کے سیکریٹری جنرل یورگن اسٹاک نے کہا کہ عالمی جرائم، وبائی امراض، موسمیاتی تبدیلیوں یا معاشی دباؤ سے متاثر نہیں ہوتے، اصل میں اس کے برعکس ہوتا ہے، لہذا قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ردعمل بھی اسی حساب سے فوری ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: نریندر مودی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ہیک کرکے ’چندے‘ کی اپیل کردی گئی

گجرات میں نئے ایئربیس کا اعلان کرنے کے بعد نریندر مودی نے کہا کہ اب وقت بدل گیا ہے، پہلے کبوتر چھوڑے جاتے تھے، اب چیتے چھوڑے جاتے ہیں۔

وہ سابق وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کا حوالہ دے تھے جو خصوصی ایام او مواقع پر کبوتر چھوڑتے تھے ، نریندر مودی نے حال ہی میں افریقہ سے لائے گئے چیتوں کا ایک ریوڑ چھوڑا تھا۔

مزید پڑھیں: مودی کی جماعت کا بھارت کی سب سے بڑی ریاست میں اقتدار برقرار رہنے کا امکان

گجرات کے دارالحکومت گاندھی نگر میں ڈیفنس ایکسپو 2022 کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے مزید کہا کہ بھارتی افواج ہتھیار بنانے میں خود انحصار ہو رہی ہیں اور وہ 101 مزید ایسی اشیا کی فہرست جاری کریں گی جنہیں درآمد نہیں کیا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ شمالی گجرات میں بننے والی ایئربیس ملک کی سلامتی کے لیے موثر مرکز ثابت ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں