این اے 45 کرم کا ضمنی انتخاب، عمران خان نے کامیابی حاصل کرلی

31 اکتوبر 2022
حلقہ میں رجسٹرز ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 618 ہے — فوٹو: ضیااللہ بنگش
حلقہ میں رجسٹرز ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 618 ہے — فوٹو: ضیااللہ بنگش

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم 1 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرلی جبکہ پی ڈی ایم کے اُمیدوار جمیل خان کو شکست کا سامنا ہوا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ میں کُل 143 پولنگ اسٹیشن کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق عمران خان کو 20 ہزار 748 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مقابل جمعیت علما اسلام ف سے تعلق رکھنے والے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار جمیل خان نے 12 ہزار 718 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ووٹنگ کا ٹرن آؤٹ 18.4 فیصد رہا۔

یہ بھی پڑھیں: 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات فوری روکنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد

اس جیت کے ساتھ عمران خان نے خیبر پختونخوا میں قومی اسمبلی کی چاروں نشستیں اپنے نام کرلی ہیں جن پر پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کے بعد خالی ہونے والی نشستوں کو پُر کرنے کے لیے ضمنی انتخابات ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ حلقہ این اے 45 کی نشست سابق رکن قومی اسمبلی فخر زمان خان کے استعفیٰ سے خالی ہوئی تھی۔

اس نشست پر 16 امیدواروں نے حصہ لیا جبکہ الیکشن کمیشن نے 143 پولنگ اسٹیشن میں سے 119 پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس اور دیگر 24 پونگ اسٹیشن حساس قراردیے تھے۔

پولنگ اسٹیشنز پرسیکیورٹی کیلئے پولیس، لیویز اور فوجی دستے تعینات تھے تاہم کسی بھی پولنگ اسٹیشن سے ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔

حلقہ میں رجسٹرز ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 98 ہزار 618 ہے جن میں ایک لاکھ 11 ہزار مرد اور 87 ہزار 269 خواتین ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

مزید پڑھیں: ضمنی انتخابات: پی ٹی آئی کی 8، پی پی پی کی 2، مسلم لیگ(ن) کی ایک نشست، غیرحتمی نتیجہ

یاد رہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 16 اکتوبر کو این اے 45 اور دیگر 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہونے تھے تاہم مختلف وجوہات کی بنا پر الیکشن کمیشن نے انتخابات منسوخ کردیے تھے۔

بعد ازاں 30 اکتوبر کو حلقہ این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ، این اے 31 پشاور میں انتخابات ہوگئے تھے، تینوں حلقوں میں عمران خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں