9 حلقوں میں ضمنی انتخابات فوری روکنے کی پی ٹی آئی کی استدعا مسترد

اپ ڈیٹ 10 اگست 2022
پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی — فائل فوٹو: ہائیکورٹ ویب سائٹ
پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی — فائل فوٹو: ہائیکورٹ ویب سائٹ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی اۤئی) کی جانب سے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول فوری طور پر معطل کرنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کردیے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 9 حلقوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کرنے کی درخواست پر اسلام اۤباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔

دوران سماعت پی ٹی آئی کی ضمنی الیکشن کا شیڈول فوری معطل کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: پی ٹی آئی نے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کے شیڈول کو چیلنج کردیا

تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری نے استدعا کی کہ الیکشن شیڈول معطل کیا جائے جس پر جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ الیکشن شیڈول معطل کرنے کی قانونی وجہ کیا ہے؟

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ ایک الیکشن روکنے کی استدعا کر رہے ہیں کوئی قانونی جواز بتائیں، قومی اسمبلی کی نشستیں خالی ہوئیں تو الیکشن کمیشن نے الیکشن کا اعلان کیا۔

وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر سماعت ہے، جس پر جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ 123حلقوں میں بھی الیکشن ہو جائے گا پہلے یہ تو ہونے دیں، آپ الیکشن لڑیں۔

وکیل فیصل چوہدری نے دلائل دیے کہ ہم تو الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہیں مگر 123 حلقوں میں الیکشن کرائیں، تاہم عدالت نے کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے مستعفی اراکین قومی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری

خیال رہے کہ 6 اگست کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقوں میں ضمنی انتخاب کا جاری کردہ شیڈول اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

مذکورہ نشستیں اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کی جانب سے پی ٹی آئی کے 11 اراکین کے استعفے منظور کرنے کے بعد خالی ہوئی تھیں جن میں 9 جنرل نشستوں جبکہ 2 مخصوص نشستیں شامل تھیں۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کرتے ہوئے قومی اسمبلی کی خالی 9 نشستوں پر براہ راست ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو کرانے کا اعلان کیا تھا۔

مزید پڑھیں: استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کےخلاف درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی، الیکشن کمیشن کو نوٹس

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی کے تمام 9 حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں خود حصہ لیں گے۔ دوسری جانب آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی جس میں 9 حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کا جاری انتخابی شیڈول چیلنج کیا گیا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر التوا ہے جس پر عدالت 4 اگست کو درخواست پر سماعت کرکے نوٹس جاری کر چکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں