پاکستان تحریک انصاف کا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے استعفے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 07 نومبر 2022
تحریک انصاف نے صادق سنجرانی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرلیا — فوٹو: ڈان نیوز
تحریک انصاف نے صادق سنجرانی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرلیا — فوٹو: ڈان نیوز

سینیٹ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی نے چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔

سینیٹ میں پی ٹی آئی اور متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جہاں پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے چئیرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

مزید پڑھیں: چیئرمین سینیٹ کا انتخاب، ایوان بالا میں سیاسی جماعتوں کے اعداد وشمار

سینیٹ میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر حملے میں نامزد ملزمان کے خلاف فوری ایف آئی آر درج نہ ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ فریق کی درخوست کے مطابق فی الفور ایف آئی آر درج کی جائے تاکہ اس حملے کے مرتکب افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

بیان میں کہا گیا کہ کمیٹی نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پریس کانفرنس میں کیے گئے چاروں مطالبات کی پرزور تائید کی۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ میں الیکشن ایکٹ اور نیب ترمیمی بلز اتفاق رائے سے منظور

اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے سپریم کورٹ سے ان چاروں مطالبات پر فوری کارروائی کی توقع ظاہر کی اور اجلاس میں سینیٹر اعظم سواتی کے ساتھ بہیمانہ، غیر انسانی اور غیر اخلاقی سلوک کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ پارلیمانی پارٹی نے اس حوالے سے تشکیل دی گئی سینیٹ کی اسپیشل کمیٹی یکسر مسترد کرتے ہوئے ایوان کے رکن اعظم سواتی کے ساتھ تقدس کی پامالی پر چئیرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے استعفی کا مطالبہ کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں