پنجاب حکومت کا بلوچستان کو 21 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کا اعلان

14 جنوری 2023
پرویز الہٰی نے کہا کہ گندم مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پرویز الہٰی نے کہا کہ گندم مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے—فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ نے بلوچستان کو 21 ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کرنے کا اعلان کرلیا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پرویزالٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے گندم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گندم کے ذخائر اورآٹے کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس میں مشاہدہ کیا کہ بلوچستان سمیت دیگر صوبوں کو گندم فراہم کرنے کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی تھی لیکن حکومت اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ بلوچستان نے پنجاب حکومت سے 10 ہزار ٹن گندم فراہم کرنے کی درخواست کی تھی لیکن ہم نے 21 ہزار میٹرک ٹن فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو ان کی ضرورت سے زیادہ ہے’۔

انہوں نے کہا کہ خوراک کی ضرورت پوری کرنے کے لیے پنجاب حکومت دیگر تمام صوبوں کی ہر ممکن مدد کرے گی انہوں نے کہا کہ گندم مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فصلوں/گندم کی اسمگلنگ کو ختم کرنے کے لیے تمام خارجی راستوں پر اضافی پولیس فورس تعینات کی جائے گی، انہوں نے پولیس چیف اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری کو خارجی راستوں پر سخت نگرانی کے لیے منصوبے پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں چکی مالکان کو حکومتی سطح پر گندم فراہم کرنے کے حوالے سے غور کیا گیا جبکہ سیکریٹری خوراک نے گندم کے ذخائر اور آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گندم کی اسمگلنگ کرنے پر ایک ہزار 541 مقدمات اور 3 کروڑ 9 لاکھ جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔

پرویزالہٰی کی سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کو گرانٹ

وزیراعلیٰ پنجاب نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری کو 10 کروڑ روپے کا چیک فراہم کیا اور کہا کہ قانون کی فلاح و بہبود ہمیشہ سے حکومت کی ترجیح رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے وکلاء برادری کا کردار اہم ہے، ان کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ سے کھلے ہیں۔

پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ حکومت وکلا برادری کو معاشرے کا ایک اہم جُز سمجھتی ہے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

عابد زبیری نے سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت وکلا برادری کی فلاح و بہبود کے لیے حقیقی معنوں میں کام کررہی ہے۔

پارلیمانی امور

پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر واثق عباسی اور اراکین صوبائی اسمبلی زینب عمیر، سیدہ زہرہ نقوی، شمیم آفتاب، بلال اصغر وڑائچ، ارفان اللہ خان نیازی، عبدالرحمٰن خان، عامر نواز چانڈیو، ندیم قریشی، امجد محمود چوہدری، چوہدری ساجد محمود، جاوید کوثر، خدیجہ عمر، رانا شہباز، غلام علی، اصغر خان اور اسمبلی کے دیگر اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی سے دفتر میں ملاقات کی اور مشترکہ مفادات کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اراکین صوبائی اسمبلی کی جانب سے ہر قسم کے دباؤ اور دھمکی کے خلاف مذاحمت کرنے پر سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پولٹیکل ہارس ٹریڈنگ ناکام ہوچکی ہے جبکہ آئین کے جمہوری اصول، سچ اور انصاف کی فتح ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت جامع ترقیاتی عمل کے لیے تمام علاقوں سے لوگوں کو شامل کیا جائے گا، پارلیمان کی مشاورت سے ترقیاتی کام کا آغاز شروع کردیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں