پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ہونے والے ساتویں فیض فیسٹیول میں بھارتی شاعر، نغمہ نگار اور فلم ساز جاوید اختر کی جانب سے پاکستان پر الزام لگانے کے دوران پنڈال میں موجود تماشائیوں کی جانب سے انہیں داد دیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین نے فیسٹیول میں شریک ہونے والے افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

جاوید اختر لاہور میں 17 سے 19 فروری تک ہونے والے فیض فیسٹیول میں شریک ہوئے تھے، انہوں نے اپنے سیشن کے دوران پاک-بھارت ثقافتی تعلقات، دونوں ممالک میں علاقائی زبانوں کی اہمیت اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پر بھی بات کی تھی۔

جاوید اختر نے اپنی گفتگو کے دوران شکوہ کیا کہ پاکستان میں آج تک لتا منگیشکر کی یاد میں یا انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کوئی پروگرام منعقد نہیں کیا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارت میں نصرت فتح علی خان اور مہدی حسن جیسے گلوکاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے پروگرامات منعقد کیے گئے۔

بھارتی نغمہ نگار کے اس دعوے پر تقریب کے شرکا نے زور دار تالیاں بجائیں اور ان کو سراہا۔

جاوید اختر نے اسی گفتگو میں ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ممبئی کے رہنے والے ہیں اور انہوں نے وہاں پر حملے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ممبئی پر حملہ کرنے والے افراد مصر یا ناروے سے نہیں آئے تھے۔

جاوید اختر نے پاکستان کا نام لیے بغیر فیسٹیول میں موجود تماشائیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی حملوں کے لوگ اب بھی آپ کے ملک میں گھوم رہے ہیں اور اس بات کو ایک ہندوستانی کا شکوہ سمجھ کر برداشت کریں۔

جاوید اختر کی پاکستان پر الزام لگانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بولی وڈ اداکارہ کنگنا رناوٹ نے ان کی تعریف کرتے ہوئے انہیں بہادر قرار دیا اور اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ بھارتی نغمہ نگار نے پاکستانیوں کو گھر میں گھس کر مارا۔

جاوید اختر کی مذکورہ ویڈیو وائرل ہونے اور فیض فیسٹیول میں موجود تماشائیوں کی جانب سے ان کی بات پر تالیاں بجانے کے عمل پر پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تماشائیوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

متعدد صارفین نے لکھا کہ لاہور کی ایلیٹ کلاس سے تعلق رکھنے والے تماشائیوں نے پاکستان پر الزام لگانے والے شخص کی بات پر تالیاں بجائیں جو کہ حیرت کا مقام ہے۔

متعدد صارفین نے فیض فیسٹیول کے تماشائیوں کی جانب سے جاوید اختر کی ہرزہ سرائی پر تالیاں بجانے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ پاکستانی لوگ اپنے ہی ملک کے خلاف بات پر اتنے خوش کیوں ہو رہے ہیں؟

بعض صارفین نے سوال کیا کہ کیا جاوید اختر کو صرف اپنے ہی ملک کی بدنامی کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا؟

بعض افراد نے فیسٹیول انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے انہیں بتایا کہ پاکستان میں جاوید اختر سے اچھے نغمہ نگار اور شاعر موجود ہیں۔

ایک صارف نے ٹوئٹ کی کہ جاوید اختر نے پاکستانیوں کے سامنے ہی ان کے ملک اور ان پر الزام تراشی کی اور لوگ اپنے خلاف الزامات پر بھی تالیاں بجاتے رہے۔

تبصرے (0) بند ہیں