لاہور میں غزل فیسٹیول کے انعقاد کا فیصلہ

01 جولائ 2017
3 روزہ ایونٹ میں نئے گلوکاروں سمیت معروف موسیقار غلام علی، حامد علی اور غلام عباس گلوگاری کے جوہر دکھائیں گے—۔فوٹو/ ڈان
3 روزہ ایونٹ میں نئے گلوکاروں سمیت معروف موسیقار غلام علی، حامد علی اور غلام عباس گلوگاری کے جوہر دکھائیں گے—۔فوٹو/ ڈان

لاہور آرٹس کونسل نے الحمرہ آرٹ سینٹر میں رواں ماہ 14 سے 16 جولائی تک تین روزہ غزل فیسٹیول کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق آرٹس کونسل کے ارکان کا ماننا ہے کہ غزل گلوکاروں کی تعداد میں کمی آتی جارہی ہے اور اس حوالے سے کوئی فیسٹیولز بھی منعقد نہیں کیے جاتے۔

اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کونسل اراکین نے ایسی گائیکی کی تشہیر کے لیے غزل فیسٹیول منعقد کرنے کا ارادہ کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اسی طرح کا ایک اور فیسٹیول بھی کونسل کی جانب سے منعقد کیا جاچکا ہے۔

اس تین روزہ ایونٹ میں ابھرتے ہوئے اور منجھے ہوئے گلوکار پرفارم کریں گے، معروف موسیقاروں میں غلام علی، حامد علی اور غلام عباس جیسے نام شامل ہیں جو اپنی خوبصورت پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گے۔

انتظامیہ کے مطابق آرٹس کونسل کا ارادہ ہے کہ اس قسم کے غزل فیسٹیول اب جاری رکھے جائیں، اس کے علاوہ غزل گلوکاری کا مقابلہ رکھنے پر بھی غور کیا جارہا ہے، جہاں شہر کے مختلف تعلیمی اداروں سے طلبہ کو مدعو کیا جائے گا۔

کہا جارہا ہے کہ کمرشل موسیقی کی مارکیٹ ڈیمانڈ بڑھنے کے باعث زیادہ تر نوجوان گلوکار اپنے گانے خود لکھنے اور کمپوز کرنے کے ساتھ ریکارڈ بھی کررہے ہیں، جس کی وجہ سے اوریجنل میوزک کمپوزرز اور شاعروں کا کردار ختم ہوتا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں