رمضان المبارک کے دوران ’غریب ترین افراد‘ کیلئے مفت آٹے کا اعلان

اپ ڈیٹ 08 مارچ 2023
محمد علی عامر نے کہا کہ حکومت ان افراد کو ’ٹارگٹڈ سبسڈی‘ دے رہی ہے جن کی ماہانہ آمدنی 29 ہزار روپے سے کم ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
محمد علی عامر نے کہا کہ حکومت ان افراد کو ’ٹارگٹڈ سبسڈی‘ دے رہی ہے جن کی ماہانہ آمدنی 29 ہزار روپے سے کم ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

گزشتہ چند ماہ کے دوران قیمتوں میں حیران کن اضافے کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ ’غریب ترین افراد‘ کو رمضان میں گندم کا آٹا مفت ملے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ پیکج پہلے پنجاب اور پھر ملک کے دیگر حصوں میں نافذ کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے پنجاب حکومت کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس کے بعد حکام کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد غریب خاندانوں کو آٹے کی فراہمی کے لیے حکمت عملی تیار کریں۔

پنجاب کے چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان اور سیکریٹری خزانہ مجاہد شیردل نے وزیراعظم کو صوبائی حکومت کے تیار کردہ رمضان پیکج کے بارے میں بریفنگ دی۔

گزشتہ دو سال میں آٹے کی قیمت میں 100 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا ہے، اس عرصے کے دوران نان کی قیمت 12 روپے سے بڑھ کر 30 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز

دریں اثنا سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کی جانب سے مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اجلاس سینیٹر خالدہ عطیب کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ یو ایس سی کے سربراہ محمد علی امیر نے کمیٹی کو بتایا کہ کارپوریشن کے ذخیرے میں 1,900 میٹرک ٹنز (ایم ٹی) آٹا، 10 ہزار 300 میٹرک ٹن چینی تقریباً 14 سو میٹرک ٹن گھی اور 500 میٹرک ٹن دالیں شامل ہیں۔

محمد علی عامر نے کہا کہ حکومت ان افراد کو ’ٹارگٹڈ سبسڈی‘ دے رہی ہے جن کی ماہانہ آمدنی 29 ہزار روپے سے کم ہے اور جو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) میں رجسٹرڈ ہیں۔

یو ایس سی کے سربراہ نے کہا کہ حکومت ہر ماہ ایک ارب 60 کروڑ روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی تھی اور اس رقم کا بڑا حصہ آٹے پر خرچ ہو رہا تھا، فی کلو آٹے پر 62 روپے سبسڈی دی جا رہی ہے۔

سینیٹر سیف اللہ سرور خان نیازی نے محمد علی عامر سے یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن میں بدعنوانی کو روکنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں پوچھا۔

انہوں نے جواب دیا کہ کارپوریشن گزشتہ 50 سال سے اپنے آپریشنز کو مینوئلی چلا رہی ہے لیکن ’اب ہم پورے آپریشن کو ڈیجیٹلائز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں‘۔

محمد علی عامر نے کہا کہ اس سے بدعنوانی کو روکنے میں بہت مدد ملے گی۔

سینیٹ کمیٹی کو رمضان المبارک کے دوران مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔

یو ایس سی کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ 19 اشیا پر 5 روپے کی سبسڈی ’ٹارگٹڈ وصول کنندگان‘ کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کے لیے دی جائے گی.

سینیٹر خالدہ عطیب نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے سربراہ سے مستحق اور غیر مستحق میں فرق کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں پوچھا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ بی آئی ایس پی کے ساتھ رجسٹرڈ افراد کو ’ٹارگٹڈ‘ یا ’مستحق افراد‘ سمجھا جاتا ہے۔

کمیٹی کے چیئرمین نے بی آئی ایس پی کی چھتری تلے مزید خاندانوں کو شامل کرنے کی تجویز دی۔

پی ایس ڈی پی کے لیے تجاویز

وزارت صنعت و پیداوار کے عہدیدار مومن آغا نے کمیٹی کو بتایا کہ پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام برائے24-2023 میں 17 جاری منصوبے اور چار نئے 19 ارب روپے سے زائد لاگت سے 21 منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔

سینیٹر خالدہ عطیب نے تجویز دی کہ ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے جس سے معیشت کو فروغ ملے اور برآمدات میں اضافہ ہو۔

تبصرے (0) بند ہیں