شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد ہلاک

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی

خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ مارا گیا دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث رہا۔

ترجمان پاک فوج نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہا اور انہوں نے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

گزشتہ ایک سال کے عرصے کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں تیزی سے اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں کئی فوجی جوان اپنی جان کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

9 اور 10 جون کی درمیانی شب شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے دوران بھی 3 دہشت گرد مارے گئے تھے جب کہ چار زخمی ہوئے تھے۔

اس سے قبل 5 جون کو خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس میں 2 اہلکار شہید جبکہ 2 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے جب کہ 2 دیگر دہشت گردوں کو زخمی بھی کردیا تھا۔

مذکورہ واقعے سے ایک دن قبل بھی خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں دو اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا تھا جبکہ دو دہشت گردی بھی مارے گئے تھے۔

اس سے قبل 22 مئی کو 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

گزشتہ ماہ کے وسط میں خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں جانی خیل کے علاقے میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کی گئی کارروائی میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، مئی کے شروع میں بھی تین الگ الگ آپریشنز میں تین دہشت گرد ہلاک اور متعدد کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں