بھارت سے پاکستان آنے والی انجو نے دیر بالا کے نوجوان سے شادی کرلی

26 جولائ 2023
مقامی لوگوں کے مطابق جوڑے کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لایا گیا—فائل فوٹو: شٹراسٹاک
مقامی لوگوں کے مطابق جوڑے کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لایا گیا—فائل فوٹو: شٹراسٹاک

بھارت سے پاکستان آنے والی خاتون انجو نے اپر دیر سے تعلق رکھنے والے اپنے ’فیس بک دوست‘ نصر اللہ سے کورٹ میرج کرلی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 35 سالہ انجو 2 بچوں کی ماں ہیں جو نصراللہ سے ملنے کے لیے گزشتہ ہفتے راجستھان سے پاکستان پہنچی تھیں، جس سے ان کی فیس بک پر دوستی ہوئی تھی۔

سرکاری ذرائع کے مطابق انجو نے پہلے اسلام قبول کیا اور اپنا نام تبدیل کر کے فاطمہ رکھ لیا، جس کے بعد جوڑے کو ضلعی عدالت میں لایا گیا، جہاں ایک جج نے ان کا بیان ریکارڈ کیا اور نکاح پڑھایا۔

اپنے بیان میں انجو نے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے 29 سالہ نصراللہ سے ملنے آئیں اور ان سے شادی کر کے خوش ہیں۔

مقامی لوگوں کے مطابق جوڑے کو سخت سیکیورٹی میں عدالت لایا گیا، نکاح کے بعد وہ دونوں فوری طور پر وہاں سے روانہ ہوگئے اور انہیں میڈیا سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

بعد ازاں انہوں نے لواری ٹاپ کے خوبصورت علاقے کا دورہ کیا، جوڑے کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جوکہ پہاڑ کی چوٹی پر فلمائی گئی۔

دیر بالا کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) مشتاق خان نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ انجو کے پاس اس کے تمام متعلقہ سفری دستاویزات موجود ہیں۔

ڈی پی او نے کہا کہ ہم بھارتی خاتون کو سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو جس سے ملک کی بدنامی ہو۔

قبل ازیں 24 جولائی (پیر) کو انجو نے میڈیا سے درخواست کی تھی کہ بھارت میں ان کے رشتہ داروں اور بچوں کو پریشان یا ہراساں نہ کیا جائے، انہوں نے بتایا تھا کہ ان کی واپسی کے لیے ضروری کارروائی جاری ہے اور وہ 2 یا 3 روز میں واپس چلی جائیں گی۔

40 سیکنڈ کے ویڈیو پیغام میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ قانونی طور پر پاکستان آئی ہیں، انہوں نے کہا کہ میں سب کو پیغام دینا چاہتی ہوں کہ میں باقاعدہ پلاننگ کے بعد یہاں آئی ہوں، محض ایک یا 2 دن میں یہاں آنے کا ارادہ نہیں بنالیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں محفوظ ہوں اور دیر میں مجھے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا، میں 2 یا 3 روز میں بھارت واپس جارہی ہوں، جو لوگ مجھ سے رابطہ کرنا چاہتے ہیں وہ آن لائن رابطہ کر سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انجو کی اپنے سابق شوہر اروند کمار کے ساتھ شادی 2007 میں ہوئی تھی اور ان دونوں کی ایک 15 سالہ بیٹی اور ایک 6 سالہ بیٹا ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق ان کے نئے شوہر نصراللہ ایک دوا ساز کمپنی میں بطور طبی نمائندہ کام کرتے ہیں۔

انجو کا معاملہ اس تناظر میں توجہ کا مرکز رہا جب یہ ایک پاکستانی خاتون سیما غلام حیدر کے نئی دہلی کی سرحد سے متصل گریٹر نوئیڈا میں ایک بھارتی شہری سے محبت کرنے اور اپنے 4 بچوں کے ساتھ غیر قانونی طور پر بھارت جانے کے بعد سامنے آیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں