پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم میں تنازع اور اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ’سخت مایوسی‘ کا اظہار کیا ہے۔

پی سی بی نے سماجی پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ, آئی سی سی ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی قومی ٹیم میں اندرونی اختلافات کی تردید کرتا ہے۔

پی سی بی نے میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں مکمل ہم آہنگی ہے اور ایسے کوئی بھی شواہد موجود نہیں ہیں جن سے ٹیم میں اختلافات ہوں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس طرح کی جھوٹی خبروں پر سخت مایوسی ظاہر کی ہے اور زور دیا ہے کہ اس طرح کے الزامات پھیلانے سے قبل یہ یاد رکھنا ضروری ہوتا ہے کہ صحافتی اخلاقیات اور ذمہ داری انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل ایشیا کپ میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان کی سری لنکا سے شکست کے بعد ڈریسنگ روم میں بابر اعظم نے تمام کھلاڑیوں کو ڈانٹ پلائی اور اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ بھی تکرار ہوئی تھی۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے بابراعظم سے کہا تھا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ محمد رضوان نے مداخلت کرکے صورت حال بہتر کی تھی۔

کرکٹ کا سب سے اہم ٹورنامنٹ ورلڈ کپ 2023 بھارت میں کھیلا جارہا ہے جہاں پاکستان نے اب تک 4 میچز کھیلے ہیں جن میں پہلے دو میچز میں فتح جبکہ آخری دو میچز میں شکست ہوئی ہے۔

بیک ٹو بیک دو میچز میں شکست کے علاوہ خراب پرفارمنس پر پاکستانی کرکٹرز کو دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

البتہ پاکستانی ٹیم اپنا پانچواں میچ آج بھارت کے شہر چنئی میں افغانستان کے ساتھ کھیل رہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں