• KHI: Fajr 4:33am Sunrise 5:58am
  • LHR: Fajr 3:43am Sunrise 5:16am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:17am
  • KHI: Fajr 4:33am Sunrise 5:58am
  • LHR: Fajr 3:43am Sunrise 5:16am
  • ISB: Fajr 3:40am Sunrise 5:17am

اختلاف کی افواہوں کے بعد شاہین شاہ کی کپتان بابراعظم کے ساتھ تصویر

شائع September 19, 2023 اپ ڈیٹ September 20, 2023
—فوٹو: شاہین شاہ ٹوئٹر
—فوٹو: شاہین شاہ ٹوئٹر

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کپتان بابراعظم کے ساتھ تصویر جاری کرتے ہوئے اس سے ’فیملی‘ کا نام دیا، جس کے ساتھ اختلاف سے متعلق ہونے والی افواہیں دم توڑ گئیں۔

شاہین شاہ آفریدی نے اپنی 15 ستمبر کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹوئٹ میں کہا تھا کہ جس طرح اختتام ہوا اس پر بہت افسردہ ہیں لیکن یہ اختتام نہیں ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے ہار نہیں مانی اور ہر طرح سے جان ماری اور محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی اور ہمارے سامنے ایک بڑا چیلنج ہے اور اہم اس کے لیے بہتر تیاری کریں گے۔

دوسری جانب سری لنکا سے اس شکست کے بعد رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں بابر اعظم نے تمام کھلاڑیوں کو ڈانٹ پلائی اور اس موقع پر شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ بھی تکرار ہوئی۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے بابراعظم سے کہا تھا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ محمد رضوان نے مداخلت کرکے صورت حال بہتر کی تھی۔

شاہین شاہ آفریدی کی مذکورہ ٹوئٹ کے بعد ان کی شادی کی چند تصاویر بھی سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی، جس میں شاہین شاہ آفریدی کو بابراعظم کے ساتھ انتہائی خوش گوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

بابر اعظم نے شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ تصویر شیئر کی اور ان کو شادی کی مبارک باد دی۔

رپورٹس کے مطابق شاہین شاہ آفریدی کی شادی میں شرکت کے لیے بابراعظم دبئی سے براہ راست کراچی پہنچے۔

بابراعظم کی شاہد آفریدی اور شاہین شاہ آفریدی سے ملنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا میں جاری کردی گئی جس میں انہیں گرم جوشی سے ملتے ہوئے دکھا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کا رواں برس فروری میں سابق آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی صاحبزادی انشا آفریدی سے نکاح ہوا تھا اور رپورٹس کے مطابق آج ان کی رخصتی ہے اور اسلام آباد میں ولیمہ ہوگا۔

سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں بابراعظم کے علاوہ سابق کپتان اور پی سی بی ٹیکنیکل کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق اور دیگر کھلاڑی بھی نظر آ رہے ہیں۔

قومی ٹیم اب ایشیا کپ میں بدترین شکست کے بعد اگلے ماہ بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کرے گی اور رواں ماہ کے آخر میں بھارت روانگی کا امکان ہے کیونکہ ورلڈ کپ کے باقاعدہ آغاز سے قبل نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے ساتھ وارم اپ میچز شیڈول ہیں۔

تماشائیوں کے بغیر نیوزی لینڈ کے ساتھ وارم اپ میچ

سرکاری خبرایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور نیوزی لینڈکے درمیان 29 ستمبر کو بھارت کے شہر حیدرآباد میں شیڈول ورلڈ کپ وارم اپ میچ سیکیورٹی وجوہات کے باعث تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ایک رکن نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ سیکیورٹی خدشات کے باعث تماشائیوں کے بغیر کھیلا جائے گا جبکہ بی سی سی آئی اپنے ٹکٹنگ پارٹنر کے ذریعے شائقین کو ٹکٹ کی رقم کی واپسی کی سہولت فراہم کرے گا۔

حیدرآباد پولیس نے28 ستمبر کو ہندوؤں کے تہوار کی وجہ سے پاکستان اور نیوزی لینڈ کا ورلڈ کپ وارم اپ میچ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی لیکن پہلے سے سخت شیڈول کی وجہ سے میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسی طرح کے سیکیورٹی خدشات کا اظہار پاکستان، سری لنکا، نیوزی لینڈ اور ہالینڈ کے درمیان 9 اور 10 اکتوبر کو حیدرآباد میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دو گروپ میچوں کے حوالے سے بھی کیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ان خدشات کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری ہر میچ کے دوران تعینات کی جائے گی جبکہ پاکستان ٹیم کے ہوٹل میں بھی سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 26 جولائی 2024
کارٹون : 25 جولائی 2024