لاہور: بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2023
بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو ہوگی—فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو ہوگی—فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے لاہور کے حلقے این اے 127 کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر اعتراض دائر کردیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی درخواست ریٹرننگ افسر کو جمع کروا دی، شہری محمد ایاز نے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے کاغذات نامزدگی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز سے وابستگی ظاہر کی، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تلوار اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کا نشان تیر ہے، بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور آصف زرداری پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر ہیں۔

اس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ایک شخص ایک وقت میں ایک جماعت کا رکن ہوسکتا ہے، یہ الیکشن ایکٹ کی خلاف وزری ہورہی ہے۔

بلاول بھٹو کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 دسمبر کو ہوگی۔

تبصرے (0) بند ہیں