دہشت گردی کے واقعات عوام کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کی سازش ہوسکتی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

30 جنوری 2024
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی میر مردان خان ڈومکی— فائل فوٹو بشکریہ فیس بُک
نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی میر مردان خان ڈومکی— فائل فوٹو بشکریہ فیس بُک

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علی میر مردان خان ڈومکی نے کہاہے کہ دہشت گردی کے واقعات کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات ضروری ہے اور الیکشن کے قریبی دنوں میں رونما ہونے والے دہشت گردی کے واقعات عوام کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کی سازش ہوسکتی ہے۔

نگران وزیر اعلٰی بلوچستان کی زیر صدارت چیف منسٹر سیکریٹریٹ میں اعلٰی سطح کا اجلاس منعقد ہوا اور مشترکہ مفادات کونسل کے میں اجلاس کے باعث میر علی مردان خان ڈومکی نے اس اجلاس میں اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ نے گزشتہ شب مچھ میں پیش آنے والے واقعے پر بریفنگ دی اور تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔

نگران وزیر اعلٰی نے کہا کہ دہشت گردی کے ان واقعات کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات ضروری ہے اور الیکشن کے قریبی دنوں میں رونما ہونے والے ان واقعات کو انتخابی عمل سے عوام کو دور رکھنے کے خدشے کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہاکہ حالیہ واقعات کے بعد سیکیورٹی پروفائلنگ پر ازسرنو نظرثانی کرتے ہوئے اقدامات کو مزید بہتر بنانا ہوگا اور عوام کو پرامن ماحول میں حق رائے دہی کے استعمال کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

میر مردان خان ڈومکی نے کہا کہ مچھ میں سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے محدود تعداد میں ہونے کے باوجود نہایت بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جس کی وجہ سے نقصانات کا حجم کم رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے ایک سپاہی کی اتنی ہی اہمیت ہے جتنی ایک افسر اور کسی بھی قبائلی نواب و سردار کی ہے، عوام کے جانی و مالی تحفظ پر مامور سیکیورٹی فورس کا ہر جوان ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی، پولیس اور لیویز کا ہر وہ سپاہی جو عوام کے جان و مال کے تحفظ پر مامور ہے، اس کی جان ہمیں اپنی طرح ہی عزیز ہے، یہ سپاہی محفوظ نہیں ہوگا تو بحالی امن کی ذمہ داریاں کون سر انجام دے گا۔

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ لیویز اور پوليس کے جوانوں کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے جدید خطوط پر مبنی پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے لیے موثر حکمت عملی پر فوری طور کام شروع کیا جائے۔

انہوں نے سبی میں بم دھماکے سے متعلق بھی تحقیقات کرکے ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ الیکشن کے غیر معمولی حالات میں سیکیورٹی کے انتظامات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے اور تمام ادارے باہمی رابطہ کاری سے ہر طرح کی تخریبی کارروائیوں پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔

انہوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے ایف سی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے تمام شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بحالی امن کے لیے شہدا کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

چیف منسٹر سیکریٹریٹ میں منعقدہ اس اجلاس میں نگران وزیر داخلہ و قبائلی امور میر زبیر خان جمالی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ زاہد سلیم، انسپکٹر جنرل پولیس عبدالخالق شیخ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

تبصرے (0) بند ہیں