بھاری قربانیوں سے حاصل امن برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے، آرمی چیف

10 اپريل 2024
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جوانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی— فوٹو: ڈان نیوز
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جوانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی— فوٹو: ڈان نیوز

پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان میں اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید الفطر منائی اور انہیں عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھاری قربانیوں سے حاصل امن کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان کے علاقوں میرانشاہ اور سپن وام کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ نماز عید ادا کرنے کے ساتھ ساتھ عید منائی۔

آرمی چیف نے جوانوں کے ہمراہ پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے دعائیں کیں اور جوانوں کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے قوم کے لیے ان کے غیر متزلزل جذبے اور خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر جنرل عاصم منیر کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکیورٹی کی صورتحال اور پاک افغان سرحد کے ساتھ سرحدی حفاظتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے سربراہ نے قربانیوں سے حاصل ہونے والے امن کی حفاظت کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھاری قربانیوں سے حاصل امن کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کے بدولت ضم شدہ اضلاع اور خیبر پختونخوا میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے محفوظ ماحول فراہم ہوا اور ہم قوم کی خدمت میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر غیر متزلزل توجہ مرکوز رکھیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے امن و استحکام کے لیے فارمیشن کے کردار کو سراہا۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے افواجِ پاکستان کے سربراہان کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔

اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم سرحدوں پر حفاظت پر مامور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور ہمارے جوان وطن کے دشمنوں اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہدا اور ان کے اہلِ خانہ کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں