آئی ڈی پیز کی سیکورٹی کے لیے اپوزیشن رہنما کا وزیر اعظم سے رابطہ

20 جولائ 2014
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ ، فائل فوٹو۔۔۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ ، فائل فوٹو۔۔۔

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے وزیر اعظم سے آئی ڈی پیز کی سیکورٹی پر توجہ مرکوز رکھنے کا کہا ہے۔

اپوزیشن رہنما نے بنوں میں شمالی وزیرستان کے بے گھر افراد کے کیمپوں کے دورے کے ایک دن بعد ہفتے کو وزیر اعظم نواز شریف سے ٹیلفون پر آئی ڈی پیز کے کیمپوں پر سہولیات بہتر بنانے کا کہا ہے اور علاقے میں حفاظتی اقدامات اپ گریڈ کرنے کی تجویز دی ہے۔

ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے، خورشید شاہ نے کہا کہ کسی سیاسی مسئلے پر بات چیت کے لیے نہیں بلکہ صرف بے گھر افراد کو درپیش مشکلات اور مسائل کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے وزیر اعظم سے ملاقات کی ہے۔

بنوں کے دورے کے دوران سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی اور پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بھی خورشید شاہ کے ہمراہ تھے۔

اپوزیشن رہنما نے کہا کہ مقامی انتظامیہ نقل مکانی کرنے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بارے میں فکر مند تھی اور حفاظتی اقدامات کو مضبوط کرنے کے لیے پنجاب، سندھ، اور اسلام آباد سے مزید پولیس نفری چاہتی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ بنوں کی آبادی دس لاکھ تھی، جو اب غیر متناسب پولیس فورس کے ساتھ نو لاکھ آئی ڈی پیز کی میزبانی کر رہا ہے۔

حزب اختلاف کے رہنما نے حکام کے خدشات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا، انہوں نے کہا کہ 'میں نے ان سے ریزرو پولیس اور گاڑیاں فراہم کرنے کا کہا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ بے گھر افراد گرم موسم اور بار بار بجلی کی بندش کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، خورشید شاہ نے کہا کہ 'میں نے وزیر اعظم سے بنوں میں اٹھارہ گھنٹے بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا کہا ہے۔'

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے آئی ڈی پیز کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں