اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اراکین پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری جاری کردی ہے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جہانگیر خان ترین نے سب سے زیادہ 3 کروڑ 76 لاکھ 7 ہزار 528 روپے انکم ٹیکس جمع کرایا جبکہ متعدد اراکین نے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع ہی نہیں کرائے۔

ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے 2015 میں 21 لاکھ 95 ہزار 341 روپے انکم ٹیکس ادا کیا جبکہ انھوں نے 2014 میں 26 لاکھ 11 ہزار 37 روپے انکم ٹیکس ادا کیا تھا۔

سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہیٰ نے 2015 میں 14 لاکھ 3 ہزار 947 روپے انکم ٹیکس جمع کرایا جبکہ انھوں نے 2014 میں 13 لاکھ 49 ہزار 677 روپے ٹیکس جمع کرایا تھا۔

اسی طرح مسلم لیگ نواز کے رہنما دانیال عزیز نے 4 لاکھ 21 ہزار 928 روپے، وفاقی وزیر زاہد حامد نے 70 ہزار 216 روپے اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے 63 لاکھ 30 ہزار 632 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔

ارکان پارلیمنٹ کی ٹیکس ڈائریکٹری کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے 49 ہزار 902 روپے اور وزیراعظم کے داماد کیپٹن صفدر نے بھی 49 ہزار 902 روپے انکم ٹیکس جمع کرایا۔

دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار نے 8 لاکھ 47 ہزار 662 روپے انکم ٹیکس اور وفاقی وزیر شاہد خاقان عباسی نے 21 لاکھ 38 ہزار 530 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔

ن لیگ کے رہنماؤں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے 34 ہزار 664 روپے، وفاقی وزیر احسن اقبال نے ایک لاکھ 6 ہزار 897 روپے، عابد شیر علی نے ایک لاکھ 28 ہزار 440 روپے انکم ٹیکس جمع کرایا۔

سائرہ افضل تارڑ نے 92 ہزار 383 روپے جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے 39 لاکھ 13 ہزار 778 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے 2015 میں صرف 76 ہزار 244 روپے انکم ٹیکس جمع کرایا۔

ارکان قومی اسمبلی میں سب سے زیادہ انکم ٹیکس پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر خان ترین نے جمع کرایا، انھوں نے 3 کروڑ 76 لاکھ 7 ہزار 528 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیف ڈاکٹر فاروق ستار نے 67 ہزار 639 روپے انکم ٹیکس جمع کرایا۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایک لاکھ 13 ہزار 740 روپے، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے 7 لاکھ 30 ہزار 107 روپے، سینیٹر اعتزاز احسن نے 2 کروڑ 49 لاکھ 31 ہزار 890 روپے جبکہ سینیٹر رحمان ملک نے 47 ہزار 362 روپے انکم ٹیکس ادا کیا۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے 51 ہزار 313 روپے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے 3 لاکھ 12 ہزار 383 روپے انکم ٹیکس جمع کرایا۔

خیال رہے کہ ایف بی آر کی رپورٹ کے مطابق متعدد اراکین پارلیمنٹ نے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع ہی نہیں کرائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں