کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ کا پلڑا بھاری

اپ ڈیٹ 04 جنوری 2017
کگیسو رابادا اور فلینڈر نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: رائٹرز
کگیسو رابادا اور فلینڈر نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں—فوٹو: رائٹرز

جنوبی افریقہ نے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سری لنکا کو110 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے35 رنز بنا کر 317 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے دوسرے روز جنوبی افریقہ نے کھیل کا آغاز کیا تو ان کا اسکور 6 وکٹوں پر 297 رنز تھا تاہم پوری ٹیم کوئنٹن ڈی کوک کی 101 رنز کی بہترین اننگز کی بدولت 392 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

ڈی کوک نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیزترین ایک ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے وکٹ کیپر کا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

مہاراج نے آؤٹ ہوئے بغیر 32 رنز بنا کر ڈی کوک کا بھرپور ساتھ دیا جبکہ فلینڈر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا نے سب سے زیادہ 6 وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیں: ایلگر کی سنچری، جنوبی افریقہ کی پوزیشن بہتر

سری لنکن بلے باز جنوبی افریقہ کے باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 110 رنز پر ڈھیر ہوئی جبکہ 282 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔

اپل تھرنگا 26 اور کرونارتنے 24 رنز بنا کر نمایاں بلےباز رہے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو رابادا اور ورنن فلینڈر نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں اور مہاراج نے 2 بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

جنوبی افریقہ نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 35 رنز بنائے تھے اور 317 رنز کی مجموعی برتری حاصل کی۔

پہلی اننگز میں صفر آؤٹ ہونے والے اسٹیفن کک 15 اور ڈین ایلگر 19 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کو تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں