لاہور: انتخابات 2018 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے نامور سیاست دانوں نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی اپنی دستاویزات میں ایک سے زائد شادیوں کا اعتراف کرلیا۔

ڈان نیوز کو حاصل دستاویزات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مبشر اقبال کی 2 بیویاں ہیں، جن کے نام شازیہ مبشر اور نائلہ مبشر ہیں۔

اسی طرح پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جمشید اقبال چیمہ کی 2 بیویاں ہیں، جن میں مسرت جمشید اور نسیم چیمہ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف، حمزہ شہباز، سعد رفیق کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئیں دستاویزات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے زبیر کاردار کی بھی 2 بیویاں ہیں، جن کے نام صبا زبیر اور ناہید اختر ہیں۔

علاوہ ازیں تحریک لبیک پاکستان کے رہنما ڈاکٹر آصف اشرف جلالی کی بھی 2 بیویاں ہیں، جن کے نام نصرت بی بی اور طاہرہ حبیب ہیں۔

اس سے قبل یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں محمد شہبازشریف نے کاغذات نامزدگی میں 2 شادیاں ظاہر کی ہیں، شہباز شریف کے مطابق تہمینہ درانی اور نصرت شہباز ان کی اہلیہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مرد 2 شادیاں کرنے کے پابند

اپنے والد کی طرح حمزہ شہباز نے بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں 2 شادیاں کرنے کا اعتراف کیا اور ان کی اہلیہ میں رابعہ شہباز اور مہر النساء حمزہ شامل ہیں۔

ان کے علاوہ سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے بھی الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں 2 شادیاں کرنے کی تصدیق کی، جن میں غزالہ رفیق اور شفق حرا شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں