دبئی ٹیسٹ میں حارث کی سنچری، پاکستان کی اننگز 482 رنز پر تمام

اپ ڈیٹ 09 اکتوبر 2018
حارث سہیل کی سنچری کی تکمیل پر قومی ٹیم کے سرفراز احمد انہیں داد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
حارث سہیل کی سنچری کی تکمیل پر قومی ٹیم کے سرفراز احمد انہیں داد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

دبئی: پاکستان کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 482 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، دوسرے روز کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 30رنز بنا لیے۔

دبئی میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے دن پاکستان نے 255 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو محمد عباس گزشتہ روز کے اسکور میں کسی اضافے کے بغیر ہی صرف ایک رن پر پیٹر سڈل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

مزید پڑھیں: دبئی ٹیسٹ کا پہلا دن پاکستانی اوپنرز کے نام

اس کے بعد حارث سہیل اور اسد شفیق نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 150 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا اسکور 400 رنز تک پہنچا دیا، لیکن 410 کے مجموعے پر اسد شفیق 80 رنز بنانے کے بعد مارنس لبوشین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اسد شفیق کے بعد حارث سہیل کا ساتھ دینے نوجوان بیٹسمین بابر اعظم آئے لیکن 4 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے تاہم اس دوران دوسرے اینڈ پر موجود حارث سہیل نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔

حارث سہیل 110 رنز بنانے کے بعد 456 رنز کے مجموعے پر نیتھن لایون کا شکار بنے، تاہم اس کے بعد کوئی بھی بیٹسمن وکٹ پر رک کر نہیں کھیل سکا۔

یہ بھی پڑھیں: یاسر شاہ آسٹریلین بیٹنگ لائن کو نشانہ بنائیں گے، سرفراز

کپتان سرفراز احمد 15رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ پہلا میچ کھیلنے والے بلال آصف کی اننگز بھی 12رنز پر تمام ہوئی۔

حارث سہیل سنچری مکمل کرنے پر سجدہ شکر ادا کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
حارث سہیل سنچری مکمل کرنے پر سجدہ شکر ادا کر رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

مچل اسٹارک نے یاسر شاہ کو وکٹوں کے عقب میں کیچ کرا کر اننگز کی واحد وکٹ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی اننگز کا بھی 482 رنز پر اختتام کردیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹر سڈل 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ نیتھن لایون 2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔

آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز کا پراعتماد انداز میں آغاز کیا اور یاسر شاہ کی ایک آدھ گیند کے سوا عثمان خواجہ اور ایرون فنچ نے پاکستانی باؤلرز کا پراعتماد انداز میں سامنا کیا۔

جب میچ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 30رنز بنالیے تھے اور آسٹریلیا کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 452 رنز درکار ہیں۔

اس سے قبل کھیل کے پہلے روز 2 سال بعد ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بننے والے محمد حفیظ کی شاندار سنچری اور امام الحق کے ساتھ 205 رنز کی اوپننگ شراکت نے پاکستانی اننگز کو ایک مستند بنیاد فراہم کی تھی۔

مزید پڑھیں: آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں کیا پاکستانی ٹیم واقعی فیورٹ ہے؟

پاکستان کی پہلی وکٹ 205 رنز پر گری جب اوپنر امام الحق 76 رنز بناکر آسٹریلوی باؤلر لیون کا نشانہ بنے، جس کے بعد ٹیم کے مجموعے میں محض 16 رنز کا اضافہ ہوا تھا کہ 222 کے مجموعی اسکور پر اوپنر محمد حفیظ 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر پیٹر سڈل کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

تیسرے نمبر پر آنے والے بلے باز اظہر علی وکٹ پر آتے ہی پریشان نظر آئے، انہوں نے نہایت سست رفتاری سے بیٹنگ کی اور 80 گیندوں پر محض 18 رنز بناکر جون ہولینڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پہلے روز کا کھیل ختم ہوا تو قومی ٹیم کے 255 رنز تھے، حارث سہیل 15 رنز جبکہ نائٹ واچ مین کی حیثیت سے وکٹ پر آنے والے محمد عباس ایک رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔

میچ کے پہلے روز کا مکمل احوال: دبئی ٹیسٹ کا پہلا روز ختم، حفیظ کی سنچری، 255 رنز پر 3 آؤٹ

تبصرے (1) بند ہیں

anwer hussain Oct 08, 2018 05:19pm
تیسرے نمبر پر آنے والے بلے باز اظہر علی وکٹ پر آتے ہی پریشان نظر آئے، انہوں نے نہایت سست رفتاری سے بیٹنگ کی اور 80 گیندوں پر محض 18 رنز بناکر جون ہولینڈ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے. phir wahi ghalti dohrai he aap ne.