ایڈیلیڈ ٹیسٹ: بھارت کیخلاف آسٹریلیا مشکلات سے دوچار

07 دسمبر 2018
آسٹریلین بلے باز شان مارش کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی
آسٹریلین بلے باز شان مارش کے باؤلڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے پی

ایڈیلیڈ: بھارت کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کے خلاف مشکلات سےدوچار ہے اور مہمان ٹیم کے پہلی اننگز کے اسکور 250 رنز کے جواب میں آسٹریلین ٹیم 191 رنز پر 7وکٹیں گنوا بیٹھی ہے۔

جمعہ کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارتی ٹیم نے 250 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو دن کی پہلی ہی گیند پر ہیزل وُڈ نے محمد شامی کو آؤٹ کر کے مہمان ٹیم کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل وُڈ نے 3 جبکہ مچل اسٹارک، پیٹ کمنز اور نیتھن لایون نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

جواب میں ٹریوس ہیڈ کے سوا کوئی بھی آسٹریلین بلے باز بھارتی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور تمام کھلاڑی وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد پویلین لوٹتے رہے۔

آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز ہی مایوس تھا اور ایرون فنچ پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے ایشانت شرما کی گیند پر باؤلڈ ہو گئے۔

عثمان خواجہ اور مارکس ہیرس نے دوسری وکٹ کے لیے 45رنز کا اضافہ کیا لیکن اس موقع پر ہیرس 26 رنز بنانے کے بعد ہمت ہار گئے۔

تجربہ کار شان مارش کا بلا بھی نہ چلا اور وہ صرف 2 رنز بنا کر روی چندرن ایشون کی دوسری وکٹ بن گئے۔

اسکور ابھی 87 تک ہی پہنچا تھا کہ آسٹریلین بیٹنگ لائن کی امیدوں کا محور عثمان خواجہ بھی ایشون کو وکٹ دے کر پویلین چلتے بنے، انہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 28رنز بنائے۔

پیٹر ہینڈز کومب اور ٹریوس ہیڈ نے 33رنز کی شراکت قائم کی لیکن اس سے قبل کہ وہ اس ساجھے داری کو آگے بڑھاتے، جسپریت بمراہ نے ہینڈز کومب کی 34رنز کی اننگز کے آگے فل اسٹاپ لگا دیا جبکہ کپتان ٹم پین بھی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کرتے ہوئے صرف پانچ رنز بنا کر چلتے بنے۔

127رنز پر 6وکٹیں گرنے کے بعد ٹریوس ہیڈ بھارتی باؤلرز کے خلاف ڈٹ گئے اور دوسرے اینڈ سے پیٹ کمنز نے ان کا بھرپور ساتھ نبھاتے ہوئے باؤلرز کو وکٹ لینے سے باز رکھا۔

ٹریوس ہیڈ نے پیٹ کمنز کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کی شراکت میں 50 رنز جوڑ کر آسٹریلیا کو ناصرف مکمل تباہی سے بچا لیا بلکہ اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی لیکن 177 کے اسکور پر کمنز 10 رنز بنا کر ہیڈ کا ساتھ چھوڑ گئے۔

اس کے بعد ہیڈ اور اسٹارک نے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 7وکٹوں کے نقصان پر 191رنز بنائے تھے اور اسے بھارت کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 59رنز درکار ہیں۔

ٹریوس ہیڈ 61 اور اسٹارک 8 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

بھارت کی جانب سے ایشون نے 3 جبکہ بمراہ اور ایشانت شرما نے 2، 2 وکٹیں لیں۔

تبصرے (0) بند ہیں