کینیڈین وزیر اعظم کی اہلیہ 15 دن میں کورونا سے صحت یاب

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2020
صوفی ٹروڈو لندن کے دورے کے بعد کورونا کا شکار ہوئی تھیں—فوٹو: اے ایف پی
صوفی ٹروڈو لندن کے دورے کے بعد کورونا کا شکار ہوئی تھیں—فوٹو: اے ایف پی

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ محض 15 دن میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہوگئیں، ان میں رواں ماہ 13 مارچ کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی۔

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے رواں ماہ 13 مارچ کو تصدیق کی تھی کہ ان کی اہلیہ میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، جس وجہ سے وہ اپنے بچوں سمیت قرنطینہ ہو رہے ہیں۔

جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ میں اس وقت کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جب وہ بچوں سمیت لندن کے دورے سے واپس کینیڈا پہنچی تھیں۔

اہلیہ میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے بچوں سمیت خود کو بھی قرنطینہ میں منتقل کرلیا تھا تاہم ان میں گزشتہ 15 دن میں کورونا کی کوئی علامات نہیں دیکھی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں : کینیڈین وزیر اعظم کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار

جسٹن ٹروڈو نے 28 مارچ کی شام کو کورونا وائرس کے حوالے سے ہر شام کو ہونے والی پریس کانفرنس میں بتایا کہ ان کی اہلیہ اب بلکل ٹھیک ہیں۔

صوفی ٹروڈو میں 13 مارچ کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فوٹو: اے پی
صوفی ٹروڈو میں 13 مارچ کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی—فوٹو: اے پی

نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کے مطابق صوفی ٹروڈو نے سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کیا کہ انہوں نے کورونا وائرس کو شکست دے دی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون اول نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ ڈاکٹرز اور صحت کے حکومتی ادارے نے انہیں کورونا سے فری قرار دیا ہے اور ان کی صحت بلکل ٹھیک ہے۔

کینیڈین وزیر اعظم کی اہلیہ 28 مارچ کو ہی ٹھیک ہوگئی تھیں اور انہیں صحت مند ہونے میں محض 15 دن کا وقت لگا۔

اسپین کی خاتون اول بھی کورونا کا شکار ہیں—فوٹو: اے پی
اسپین کی خاتون اول بھی کورونا کا شکار ہیں—فوٹو: اے پی

صوفی ٹروڈو دنیا کی وہ پہلی خاتون اول تھیں جو کورونا وائرس کا شکار ہوئی تھیں، ان کے بعد اسپین کے وزیر اعظم کی اہلیہ بھی 15 مارچ کو کورونا کا شکار ہوئی تھیں تاہم تاحال ان کے صحت مند ہونے سے متعلق کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔

مزید پڑھیں: اسپین کے وزیر اعظم کی اہلیہ بھی کورونا کا شکار

کینیڈین وزیر اعظم کی طرح اسپین کے وزیر اعظم میں بھی اہلیہ کے کورونا کے شکار ہونے کے باوجود مرض کی تشخیص نہیں ہوئی تھی البتہ اسپین کے وزیر اعظم نے بھی خود کو گھر تک محدود کردیا تھا۔

دونوں خواتین اول کے بعد تاحال کسی تیسری خاتون اول یا کسی حکومتی سربراہ کی اہلیہ یا اہل خانہ میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی ہے، البتہ برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن میں 27 مارچ کو کورونا کی تشخیص ہوئی۔

بورس جانسن دنیا کے وہ پہلے وزیر اعظم یا حکومتی سربراہ بن گئے جو اس وبا کا شکار ہوئے۔

برطانوی وزیر اعظم بھی کورونا کا شکار ہیں—فوٹو: ٹوئٹر
برطانوی وزیر اعظم بھی کورونا کا شکار ہیں—فوٹو: ٹوئٹر

تبصرے (0) بند ہیں