اسپین کے وزیر اعظم کی اہلیہ بھی کورونا کا شکار

15 مارچ 2020
خاتون اول کی صحت خطرے سے باہر ہے، اسپین کی حکومت—فائل فوٹو: فیس بک
خاتون اول کی صحت خطرے سے باہر ہے، اسپین کی حکومت—فائل فوٹو: فیس بک

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ صوفی ٹروڈو کے بعد یورپی ملک اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچز کی اہلیہ 45 سالہ بیگونا گومز بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔

بیگونا گومز کسی بھی ملک کی دوسری خاتون اول ہیں جو کورونا وائرس کا شکار ہوئیں، ان سے قبل کینیڈا کے وزیر اعظم کی اہلیہ صوفی ٹروڈو بھی 13 مارچ کو کورونا وائرس کا شکار ہوگئی تھیں۔

اہلیہ کے کورونا وائرس کے شکار ہونے کے بعد کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی خود کو قرنطینہ کردیا تھا جب کہ خبریں ہیں کہ ممکنہ طور پر ان کا بھی ٹیسٹ کیا جائے گا، تاہم تاحال ان میں کورونا کے متاثر ہونے کی علامات سامنے نہیں آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کینیڈین وزیر اعظم کی اہلیہ کورونا وائرس کا شکار

اٹلی کے وزیر اعظم 48 سالہ پیدرو سانچز کی اہلیہ کا ٹیسٹ 14 مارچ کو اس وقت کیا گیا تھا جب کہ وزیر اعظم ہاؤس میں آنے جانے والے کچھ افراد کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) اپنی رپورٹ میں اسپین کے سرکاری حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسپین کی خاتون اول 45 سالہ بیگونا گومز بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں اور ممکنہ طور پر اب وزیر اعظم کا بھی ٹیسٹ کیا جائے گا۔

وزیر اعظم اور خاتون اول نے کچھ ایسے افراد سے ملاقاتیں کیں جو بعد میں کورونا وائرس کا شکار ہوئے، اسپین کی حکومت—فوٹو: اے پی
وزیر اعظم اور خاتون اول نے کچھ ایسے افراد سے ملاقاتیں کیں جو بعد میں کورونا وائرس کا شکار ہوئے، اسپین کی حکومت—فوٹو: اے پی

رپورٹ میں بتایا گیا کہ خاتون اول اور وزیر اعظم کی صحت بہتر ہے تاہم انہیں احتیاطی تدابیر کے پیش نظر نگہداشت میں رکھا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کی اہلیہ کا ٹیسٹ اس وقت کرایا گیا جب اسپین کے 2 وزیر بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے اور دونوں متاثرہ افراد وزیر اعظم ہاؤس کا دورہ کر چکے تھے۔

مزید پڑھیں: برطانوی خاتون نائب وزیر صحت بھی کورونا وائرس سے متاثر

اسپین کے دو وزیروں اور خاتون اول میں کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد دیگر متعدد وزیروں کے ٹیسٹ بھی کیے گئے مگر دوسرے افراد کے ٹیسٹ منفی آئے۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ اسپین کے وزیر اعظم کا بھی ٹیسٹ کیا جائے گا یا نہیں تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ خود کو گھر تک محدود کردیں گے اور اگر ان میں کوئی بھی علامات دیکھیں گئیں تو ان کا بھی ٹسٹ کیا جائے گا۔

بیگونا گومز کی صحت خطرے سے باہر ہے، اسپین کی حکومت—فوٹو: فیس بک
بیگونا گومز کی صحت خطرے سے باہر ہے، اسپین کی حکومت—فوٹو: فیس بک

اسپین میں ایک ہفتہ قبل تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ڈیڑھ ہزار تک تھی، تاہم وہاں گزشتہ چند دن میں حیران کن طور کئی کیسز سامنے آئے اور وہاں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 6 ہزار 391 تک جا پہنچی جس کے بعد حکومت نے کئی اقدامات کرتے ہوئے لوگوں کے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کردی۔

تقریبا ساڑھے 6 ہزار مریضوں کے ساتھ اس وقت اسپین یورپ کا کورونا سے متاثر دوسرا بڑا ملک بن چکا ہے، پہلے نمبر پر تقریبا 22 ہزار مریضوں کے ساتھ اٹلی ہے۔

اسپین میں ہلاکتوں کی تعداد 200 کے قریب جا پہنچی ہے جب کہ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 1500 تک جا پہنچی ہے۔

اسپین نے لوگوں کے باہر نکلنے پر بھی عارضی پابندی عائد کردی—فوٹو: اے ایف پی
اسپین نے لوگوں کے باہر نکلنے پر بھی عارضی پابندی عائد کردی—فوٹو: اے ایف پی

تبصرے (0) بند ہیں