پاکستان کی کورونا وائرس پر بھارتی میزبانی میں منعقدہ اجلاس میں عدم شرکت

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2020
پاکستان کے سوا تمام سارک ممالک کے تجارتی عہدیداروں کی ایک ویڈیو کانفرنس کی گئی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کے سوا تمام سارک ممالک کے تجارتی عہدیداروں کی ایک ویڈیو کانفرنس کی گئی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ پاکستان نے بھارت کی میزبانی میں کووِڈ 19 پر ہونے والی خطے کے تجارتی عہدیداروں کی ویڈیو کانفرنس میں اس لیے شرکت نہیں کی کیوں کہ اس کا انتظام جنوبی ایشیا کی علاقائی تعاون تنظیم (سارک) نے نہیں کیا تھا۔

دفتر خارجہ نے پاکستان کی عدم موجودگی کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’ایسی سرگرمیاں جیسے آج کی تجارتی عہدیداروں کی ویڈیو کانفرنس صرف اس صورت میں مؤثر ہوسکتی ہیں کہ اس کی سربراہی سارک سیکریٹریٹ کرے‘۔

مذکورہ بیان کے مطابق ’چونکہ آج کی اس ویڈیو کانفرنس میں سارک سیکریٹریٹ شریک نہیں تھا اس لیے پاکستان نے شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا‘۔

یہ بھی پڑھیں: سارک کی وزرائے صحت ویڈیو کانفرنس کیلئے پاکستان کی تجویز کی حمایت

خیال رہے کہ عالمی وبا کووِڈ19 کے بین العلاقائی تجارت اور سفری پابندیوں پر پڑنے والے اثرات پر بات چیت کے لیے پاکستان کے سوا تمام سارک ممالک کے تجارتی عہدیداروں کی ایک ویڈیو کانفرنس کی گئی تھی۔

یہ کانفرنس گزشتہ ماہ سارک سربراہی ویڈیو کانفرنس کا تسلسل تھی جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

مذکورہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے کووِڈ19 ایمرجنسی فنڈ کے قیام کی تجویز پیش کی گئی تھی اور پاکستان کے سوا تمام ممالک نے فنڈ کے لیے رقوم کا اعلان کیا تھا تاہم پاکستان اس بات پر مُصر ہے کہ مذکورہ فنڈ سارک کے سیکریٹری جنرل کے کنٹرول میں ہونا چاہیے اور اس کے استعمال کے طریقہ کار کو شفاف طریقے سے طے کرنا چاہیے۔

مزید پڑھیں: وزیر خارجہ کے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے رابطہ

دفتر خارجہ نے سارک کے ساتھ اپنی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات کو اجاگر کیا کہ’اس ہنگامی صورتحال مثلاً کووِڈ 19 اور اس کے سماجی و معاشی اثرات کے تناظر میں سارک سیکریٹریٹ کا کردار مزید نمایاں ہونا چاہیے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’دیگر علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کی طرح سارک سیکریٹریٹ ضروری تعاون کے لیے، ادارہ جاتی طریقہ کار اور سپورٹ اسٹرکچر کے لیے مطلوبہ اجتماعی پلیٹ فارم بھی مہیا کرتا ہے‘۔

دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ سارک سیکریٹریٹ کو اپنی سرپرستی میں منعقد ہونے والی کسی بھی سرگرمی یا تقریب میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

دوسری جانب پاکستان عالمی وبا پر سارک کے وزرائے صحت کی ویڈیو کانفرنس کروانے کی کوششیں کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سارک کے تحت کورونا فنڈ کا طریقہ کار تاحال توجہ طلب ہے، پاکستان

اس سلسلے میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے سری لنکن، بنگلہ دیشی، نیپالی، بھوٹانی اور مالدیپ کے ہم منصبوں کے علاوہ سارک سیکریٹری جنرل سے اس تجویز پر بات چیت بھی کی جس میں ابھی بھارت اور افغانستان کو شامل کیا جانا باقی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت 2016 میں اسلام آباد میں ہونے والے سارک کے 19ویں سربراہی اجلاس کو زبردستی ملتوی کروائے جانے کے بعد سے پاکستان کو دیوار سے لگانے کی بھرپور کوششیں کررہا ہے۔


یہ خبر 9 اپریل 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں