بنگلہ دیش کیلئے کورونا ریلیف فنڈ: مشفق کا 'بلا' آفریدی نے خرید لیا

آفریدی نے مشفق کا بلا 20 ہزار ڈالر میں خریدا—فائل فوٹو:اے ایف پی
آفریدی نے مشفق کا بلا 20 ہزار ڈالر میں خریدا—فائل فوٹو:اے ایف پی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کووڈ-19 کی وبا سے نمٹنے کے لیے سرحدوں کی بندشوں سے ماورا ہوکر بنگلہ دیش کے عوام کی مدد کے لیے کی جانے والی کوششوں میں اپنا حصہ ڈال دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے اسٹار بلے باز اور وکٹ کیپر مشفق الرحیم نے کووڈ-19 ریلیف فنڈ کی کوششوں کے سلسلے میں اس بلے کو نیلامی کے لیے پیش کیا تھا جس سے انہوں نے 2013 میں سری لنکا کے خلاف بنگلہ دیش کے لیے پہلی ڈبل سنچری بنائی تھی۔

اب پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مشفق الرحیم کے اس بلے کو 20 ہزار ڈالر میں حاصل کرلیا۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیش: لاک ڈاؤن کے دوران اجرت کیلئے مزدوروں کا احتجاج

اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی شاہد آفریدی کے اس قدم کو سراہتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ 'مشفق الرحیم کو ایک خریدار مل گیا'۔

آئی سی سی نے تحریر کیا کہ 'پاکستان کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اپنے ادارے کی جانب سے بلا خرید کر اچھے مقصد میں شمولیت کرلی ہے'۔

دوسری جانب ڈھاکا میں موجود مشفق الرحیم نے اس عظیم مقصد کے لیے تعاون کرنے پر شاہد آفریدی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں شاہد بھائی کو بڑا سراہتا ہوں کہ انہوں نے رابطہ کیا اور مدد کی پیش کش کی'۔

بنگلہ دیش کے تجربہ کار کھلاڑی کا کہنا تھا کہ 'اس بحرانی صورت حال میں ہم سرحدوں سے ماورا ہو کو متحد ہیں اور ہم اپنے ملک کے شہریوں کے لیے اس کا اظہار کررہے ہیں'۔

اس موقع پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ کسی قوم کا نہیں بلکہ ایک مقصد ہے۔

مشفق الرحیم نے مزید کہا کہ 'میں میدان میں ان کے ساتھ محظوظ ہوتا ہوں چاہے ان کے ساتھ کھیلوں یا ان کے خلاف کھیلوں، میرے خیال میں زندگی کے دیگر شعبوں سے بھی لوگوں کو آگے بڑھ کر مدد کرنی چاہیے'۔

ان کا کہنا تھا کہ چند روز میں کوریئر سروس کے ذریعے شاہد آفریدی کو بلا بھجوا دوں گا۔

یہ بھی پڑھیں:اظہر علی کا 'بلا' بھارتی میوزیم نے 10 لاکھ روپے میں خرید لیا

علاوہ ازیں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ 'مجھے بنگلہ دیش کے لوگوں سے ہمیشہ پیار اور محبت ملی ہے اور جب مجھے مشفق الرحیم کے کام کا علم ہوا تو میں نے ان سے رابطہ کرکے اپنی حیثیت کے مطابق حصہ ڈالنے کی پیش کش کی'۔

انہوں نے کہا کہ 'اس طرح کے تعاون اور احترام کے رویے سے دونوں ممالک کے عوام قریب آسکتے ہیں'۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش میں اس وقت کورونا وائرس کے 20 ہزار 995 متاثرین رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ مزید 16 اموات کے بعد مجموعی طور پر 314 افراد اس وبا کے باعث لقمہ اجل بنے ہیں۔

بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کے 930 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد میں مزید اضافہ دیکھا گیا جبکہ وہاں اب تک 4 ہزار 117 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیشی عوام کی جانب سے گزشتہ چند ہفتوں میں صنعتوں میں کام کی بحالی اور بےروزگاری کے خاتمے کے لیے لاک ڈاؤن کے باوجود شدید احتجاج ہوئے تھے۔

عوام کا مطالبہ تھا کہ انہیں متعلقہ صنعتوں سے تنخواہیں جاری کی جائیں اور دیہاڑی داروں کے لیے انتظام کیا جائے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں