فوجی انخلا تک طالبان مذاکرات طویل کرنا چاہتے ہیں، سربراہ افغان انٹیلی جنس

اپ ڈیٹ 06 جنوری 2021
افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا تک طالبان مذاکرات کو طویل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، سربراہ خفیہ ادارہ افغانستان - فوٹو:رائٹرز
افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا تک طالبان مذاکرات کو طویل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، سربراہ خفیہ ادارہ افغانستان - فوٹو:رائٹرز

افغان حکومت کے مذاکرات کار طالبان کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے قطر کے شہر دوحہ پہنچ گئے اور ساتھ ہی کابل نے طالبان پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ وہ مذاکرات میں تعطل پیدا کر رہے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اب تک دونوں فریقین کے درمیان کئی مہینوں سے جاری بات چیت کا فائدہ بہت کم سامنے آیا ہے تاہم فریقین اس بات پر متفق ہیں کہ اگلے دور میں کیا تبادلہ خیال کرنا ہے جسے ایک پیش رفت کے طور پر دیکھا گیا ہے۔

کابل سے دوحہ جانے والے افغان حکومت کے مذاکرات کاروں کے ایک گروپ کے ترجمان نے کہا کہ 'ہم یہاں دوحہ میں ہیں اور دو گھنٹے پہلے پہنچے ہیں'۔

مزید پڑھیں: دوحہ: افغان حکومت اور طالبان میں امن مذاکرات کا آغاز

یہ واضح نہیں ہے کہ مذاکرات کا دوبارہ آغاز کب ہوگا۔

گیارہ ستمبر 2001 کے حملوں کے بعد میں طالبان کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے امریکی فوج کے زیر انتظام افغان حکومت کے مذاکرات کار مستقل طور پر جنگ بندی اور حکمرانی کے موجودہ انتظامات کے تحفظ کے لیے زور دیں گے۔

تاہم افغانستان کے خفیہ ادارے کے سربراہ احمد ضیا سراج نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ 'ہمیں یقین ہے کہ طالبان مئی کے مہینے میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا تک مذاکرات کو طویل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم طالبان کا امن کا کوئی ارادہ نظر نہیں آتا'۔

یہ بھی پڑھیں: طالبان کا وفد بین الافغان مذاکرات کیلئے قطر پہنچ گیا

فروری 2020 میں طالبان اور واشنگٹن کے درمیان دستخط ہونے والے تاریخی معاہدے کے تحت امریکا نے مئی 2021 تک تمام غیر ملکی افواج کو افغانستان سے نکالنے کا وعدہ کیا تھا۔

امریکا کے خصوصی سفیر برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے مذاکرات میں مزید تیزی لانے کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ واشنگٹن مذاکرات میں مزید پیشرفت پر زور دے رہا ہے کیونکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور اقتدار کا خاتمہ ہورہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'دونوں فریقین کو یہ ظاہر کرنا ہوگا کہ وہ جلد از جلد سیاسی سمجھوتے اور کسی معاہدے پر بات چیت کرکے افغان عوام کے مفاد میں کام کررہے ہیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں