موڈرنا نے ایک اور نئی کووڈ 19 ویکسین کی ابتدائی تحقیق کا آغاز کردیا ہے جس کو فریزر کی بجائے عام فریج میں محفوظ کیا جاسکے گا۔

کمپنی نے بتایا کہ پہلے رضا کار کو اس نئی ویکسین کی خوراک استعمال کراکے تحقیق کا آغاز کیا گیا۔

کمپنی کے مطابق اس نئی ویکسین کی تقسیم آسان ہوگی بالخصوص ترقی پذیر ممالک میں، جہاں سپلائی چین کے مسائل سے ویکسین مہمات متاثر ہوتی ہیں۔

ابتدائی تحقیق میں اس نئی ویکسین ایم آر این اے 1283 کے محفوظ ہونے اور افادیت کا تجزیہ کیا جائے گا۔

یہ ویکسین صحت مند بالغ افراد کے 2 گروپس کو استعمال کرائی جائے گی، جن میں سے ایک گروپ کو سنگل ڈوز اور دوسرے کو 28 دن کے وقفے میں 2 خوراکوں کا استعمال کرایا جائے گا۔

موڈرنا نے اس نئی ویکسین کو موجودہ کووڈ ویکسین کے بوسٹر شاٹ کے طور پر بھی مستقبل قریب میں آزمانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

اس سے قبل موڈرنا نے گزشتہ ہفتے کووڈ 19 بوسٹر ویکسین کی آزمائش بھی شروع کی تھی جس کا مقصد جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والی کورونا وائرس کی قسم کی روک تھام کرنا ہے۔

اس بوسٹر ویکسین کو ایم آر این اے 1273.351 کا نام دیا گیا ہے۔

اس بوسٹر ویکسین کا ٹرائل قسم کے لیے مخصوص شاٹ اور کئی خوراکوں کو استعمال کراکے کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ موڈرنا کی پہلی کووڈ ویکسین 1273 کو دسمبر میں امریکا میں استعمال کے لیے منطوری دی گئی تھی۔

اس کے آخری مرحلے کے ٹرائل کے حتمی نتائج میں بتیا گیا تھا کہ یہ ویکسین کووڈ 19 سے تحفظ فراہم کرنے میں 94 فیصد تک موثر ہے اور ٹرائل میں جن افراد کو اس کا استعمال کرایا گیا، ان میں سے کوئی بھی بیماری کی سنگین شدت کا شکار نہیں ہوا۔

اس ویکسین میں فائرز/بائیو این ٹیک کی طرح ایم آر این اے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے، جس کے لیے وائرس کے جینیاتی کوڈ سے مدد لی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں