• KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm
  • KHI: Zuhr 12:25pm Asr 4:49pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 4:19pm
  • ISB: Zuhr 12:01pm Asr 4:23pm

احسن محسن سے پہلی ملاقات میں ہی لگا شادی شدہ ہوں، منال خان

شائع December 13, 2021
دونوں نے ستمبر 2021 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے ستمبر 2021 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام

اداکارہ منال خان نے شادی کے چند ماہ بعد کہا ہے کہ جب ان کی شوہر اداکار احسن محسن سے پہلی ملاقات ہوئی تھی، اس وقت ہی انہوں نے محسوس کرلیا تھا کہ وہ پہلے ہی شادی شدہ ہیں۔

منال خان اور احسن محسن نے رواں برس ستمبر میں شادی جب کہ رواں برس جون میں منگنی کی تھی۔

شادی کے بعد دونوں کو ہنی مون کے لیے بیرون ملک سیر سپاٹے کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا جب کہ تاحال دونوں نے کسی بڑے منصوبے کے ساتھ اسکرین پر واپسی نہیں کی۔

حال ہی میں منال خان نے شادی کے بعد پہلی بار ایک فیشن ویک میں شوہر کے ہمراہ شرکت کی، جہاں اداکارہ نے ملبوسات کی نمائش میں حصہ لیا۔

فیشن شو کے دوران ہی ایک بلاگر نے دونوں سے شادی کے بعد کی زندگی سے متعلق باتیں کیں اور ان سے پوچھا کہ رشتہ ازدواج میں بندھنے کے بعد وہ کیسا محسوس کر رہے ہیں؟

یہ بھی پڑھیں: منال خان اور احسن محسن اگلے ماہ شادی کریں گے

احسن محسن نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ شادی کے بعد ان کی زندگی پرسکون گزر رہی ہے اور وہ بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں۔

ساتھ ہی منال خان نے شرارتی انداز میں کہا کہ کبھی کبھار احسن محسن بے قابو ہوجاتے ہیں اور انہیں سنبھالنا مشکل ہوجاتا ہے۔

منال خان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد وہ بھی خود کو پرسکون محسوس کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: ڈھولکی سے منال خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ شادی سے پہلے اور بعد کی زندگی میں انہیں زیادہ فرق محسوس نہیں ہو رہا، کیوں کہ ان کی پہلی زندگی بھی ایسی ہی تھی۔

منال خان نے وضاحت کی کہ جب وہ پہلی بار احسن محسن سے ملی تھیں تب ہی انہوں نے خود کو ان سے شادی شدہ محسوس کیا تھا، اس لیے انہیں شادی کے بعد کی زندگی میں زیادہ فرق محسوس نہیں ہو رہا۔

اداکارہ کے بیان کی مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے اور بعض لوگ انہیں تنقید کا نشانہ بھی بناتے دکھائی دیے۔

مزید پڑھیں: ڈھولکی کے بعد منال خان کی مایوں کی تصاویر وائرل

اس سے قبل شادی کے ایک ہفتے بعد بھی دونوں نے شادی کے بعد کی زندگی پر مختصر ویڈیو میں بات کی تھی اور منال خان نے انکشاف کیا تھا کہ ان کے شوہر محسن احسن اکرام کو ڈر تھا کہ ان کی دلہن شادی والے دن بھاگ جائیں گی۔

مذکورہ ویڈیو میں احسن محسن اکرام نے بھی بتایا تھا کہ واقعی انہیں ڈر تھا کہ منال بھاگ جائیں گی لیکن ساتھ ہی بتایا تھا کہ انہیں یہ بھی خوف تھا کہ وہ خود بھاگ جائیں گے۔

دونوں کا شمار رومانوی جوڑیوں میں ہوتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کا شمار رومانوی جوڑیوں میں ہوتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 20 ستمبر 2024
کارٹون : 19 ستمبر 2024