ویوو نے حال ہی میں وی 23 ای اسمارٹ فون متعارف کرایا تھا اور اب کمپنی کی جانب سے اس سیریز کے زیادہ بہتر ماڈلز پیش کیے جارہے ہیں۔

ممکنہ طور پر ویوو وی 23 اور وی 23 پرو کو 5 جنوری کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

کمپنی کی وی سیریز کے ان نئے فونز میں سیلفی کیمرے اور ڈیزائن پر ہی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

دونوں فونز کی خاص بات فرنٹ پر ڈوئل کیمرا سیٹ اپ ہوگا جبکہ بیک پر کلر بدلنے والے گلاس ڈیزائن کو اپنایا گیا ہے۔

یعنی سورج کی روشنی یا یو وی ریز کے دیگر ذرائع کے سامنے فون کا بیک کور رنگ بدلتا ہوا محسوس ہوگا۔

فونز کے بارے میں زیادہ تفصیلات تو موجود نہیں مگر کافی کچھ لیک بھی ہوچکا ہے جیسے دونوں فونز کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہوگا، وی 23 میں مین کیمرا 64 میگا پکسل جبکہ وی 23 پرو میں 108 میگا پکسل کا ہوگا۔

وی 23 پرو میں خم ایجز والا ڈسپلے ہوگا جبکہ وی 23 میں فلیٹ ڈسپلے دیا جائے گا۔

دونوں فونز کے فرنٹ پر ڈوئل سیلفی کیمرا سیٹ اپ ہوگا پرو ماڈل میں کا مین کیمرا 50 میگا پکسل کا ہوگا جبکہ وی 23 میں 44 میگا پکسل سیلفی کیمرا ہوگا۔

وی 23 پرو میں میڈیا ٹٰک کا ڈیمینسٹی 1200 پراسیسر ہوگا جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج دیئے جانے کا امکان ہے۔

خیال رہے کہ وی 23 ای 44 میگا پکسل سیلفی کیمرے سے لیس ہے جو واٹر ڈراپ نوچ میں چھپا ہوا ہے۔

فون کے اندر میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 810 پراسیسر موجود ہے۔

ویوو وی 23 ای میں 6.44 انچ کا او ایل ای ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے مگر حیران کن طور پر ریفریش ریٹ صرف 60 ہرٹز ہے جبکہ فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر نصب ہے۔

فون کے اندر 4050 ایم اے ایچ بیٹری 44 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ دی گئی ہے۔

اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج فن ٹچ او ایس 12 سے کیا گیا ہے جبکہ 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے جس میں ایس ڈی کارڈ سے مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں