سندھ: 16 لاکھ سے زائد کار، موٹرسائیکل مالکان نمبر پلیٹس کے منتظر

اپ ڈیٹ 17 مارچ 2022
نمبر پلیٹس جاری نہ کرنے کے بارے میں سندھ کے محتسب نے ڈان کی رپورٹ پر از خود نوٹس لیا تھا—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار
نمبر پلیٹس جاری نہ کرنے کے بارے میں سندھ کے محتسب نے ڈان کی رپورٹ پر از خود نوٹس لیا تھا—فائل فوٹو: وائٹ اسٹار

سندھ میں صوبائی محتسب کو پیش کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2016 سے 16 لاکھ سے زائد لوگ اپنی کاروں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کا انتظار کر رہے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان 16 لاکھ میں سے 13 لاکھ 40 ہزار نمبر پلیٹس موٹر سائیکلوں کی اور تقریباً 3 لاکھ نمبر پلیٹس (کمرشل اور نان کمرشل) گاڑیوں کی ہیں۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو مطلوبہ فیس کی ادائیگی کے باوجود 2016 سے 3 لاکھ سے زائد نمبر پلیٹس جاری نہ کرنے کے بارے میں سندھ کے محتسب اعجاز علی خان نے 8 مارچ کو ڈان کی رپورٹ پر از خود نوٹس لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے ملک بھر میں یکساں نمبر پلیٹس کا مطالبہ کردیا

محتسب نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ بدھ کو (کل تک) اپنے موٹر وہیکل رجسٹریشن ڈائریکٹر کے ذریعے ایک جامع رپورٹ پیش کریں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ محتسب آفس نے محکمہ ایکسائز سے زیر التوا نمبر پلیٹس کی سالانہ تفصیلات، ضلع وار ڈیٹا اور زیر التوا نمبر پلیٹس کے جلد اجرا کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے مرتب کی گئی کارروائی یا پالیسی کی تفصیلات طلب کی تھیں۔

محتسب آفس نے بڑی تعداد میں زیرالتوا نمبر پلیٹس کو کلیئر کرنے کے لیے ٹائم لائن بھی طلب کی ہے۔

مزید پڑھیں:سندھ میں 3 لاکھ سے زائد افراد گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے منتظر

گزشتہ روز ایکسائز حکام نے جواب جمع کروایا لیکن محتسب اس سے مطمئن نہیں ہیں کیونکہ اس میں ضلع وار ڈیٹا اور زیرالتوا نمبر پلیٹس کے اس ڈھیر کو ختم کرنے کی پالیسی شامل نہیں تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں