خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے آپریشن کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 2 مئی 2024 کو سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ٹانک میں انٹیلی جنس پر مبنی مشترکہ آپریشن کیا۔

بیان میں بتایا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد مارے گئے جن کی شناخت دہشت گردوں کے سرغنہ عظمت عرف عظمتی، کرامت عرف حنزلہ اور ریحان کے نام سے ہوئی ہے۔

مارے گئے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے جن میں حال میں ضلع جنوبی وزیرستان کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے اغوا کی واردات بھی شامل ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز ملک بھر میں بالخصوص خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے میں مصروف ہے۔

تین دن قبل ٹانک میں ہی سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں