پچھلے سال کے مقابلے عوام کو سردیوں میں گیس کی بہتر سہولت میسر ہوگی، وزیر توانائی

اپ ڈیٹ 18 اکتوبر 2022
وزیر مملکت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر مملکت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کر رہے تھے— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر مملکت برائے توانائی مصدق ملک نے کہا ہے کہ پچھلے سال کے مقابلے رواں سال موسم سرما میں عوام کو گیس کی بہتر سہولت میسر ہوگی اور ہم نے پچھلے سال کے مقابلے میں دو اضافی کارگو کا انتظام کیا ہے۔

وزیر مملکت مصدق ملک نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے توانائی کے حوالے سے دو اعلانات کیے اور کہا کہ ہم نے دو اضافی کارگو کا انتظام کیا ہے، جنوری کے لیے پچھلے سال ہمارے پاس 9 جہاز تھے جبکہ رواں سال 10 ہیں، پچھلے سال فروری کے لیے 8 جہاز تھے جبکہ رواں سال 9 ہیں۔

مزید پڑھیں: قیمتوں میں اضافہ نہ کیا تو گیس کمپنیاں دیوالیہ ہو جائیں گی، مصدق ملک

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے مقابلے رواں سال موسم سرما میں عوام کو گیس کی بہتر سہولت میسر ہوگی جبکہ ایس ایس جی سی اور ایس این جی پی ایل کے درمیان ایک معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے تحت پہلی بار پاکستان میں ایس این جی پی ایل رواں سال ایل پی جی کے سلنڈر پنجاب اور خیرپختونخوا میں فروخت کرے گا۔

’عمران خان کا لانگ مارچ حکومت، سیاستدانوں نہیں بلکہ ریاست کے خلاف ہے‘

مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان نے ملک کے جوہری پروگرام کے خلاف سازش کرنے کے لیے ڈیوڈ فینٹم نامی شخص کو امریکا میں تعینات کیا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈیوڈ فینٹم کی تعیناتی کے حوالے سے کوئی تردید نہیں کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: (ن) لیگی رہنما مصدق ملک کی عمران خان پر کڑی تنقید

انہوں نے کہا کہ ڈیوڈ فینٹم کوامریکا میں بابائے اینٹی نیوکلیئر پروگرام کہا جاتا ہے اور پاکستان میں جوہری توانائی کے خلاف ڈیوڈ فینٹم سربراہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک ایسے شخص کو امریکا میں تعینات کیا ہے جس کا واحد مقصد دنیا کے جوہری پروگرام اور ایٹمی پروگرام ختم کرنا ہے، کیا تعجب ہے کہ عمران خان نے ایک ایسے شخص کو تعینات کیا جس کا مقصد پاکستان کی جوہری توانائی کو کمزور اور اسے ختم کرنا ہے۔

انہوں نے سوال کیا کہ غیرقانونی فنڈنگ، بین الاقوامی فنڈنگ کا تعلق کس سے ہے؟ یہ تمام فنڈنگ پاکستان میں ہی استعمال ہو رہی ہے، چاہے وہ ملک ریاض کے پیسے ہوں یا کرکٹ کلب کے یا بھارت سے آئے ہوں، یہ تمام کارروائی ملک کے اندر ہو رہی ہے، ملک کے ایٹمی پروگرام اور رہنماؤں کے خلاف سازش کی جارہی ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ نیٹ فلکس کا پاکستان مسلم لیگ (ن) سے کوئی تعلق نہیں اور یہ بات عمران خان سے پوچھنی چاہیے کہ نیٹ فِلکس کے حوالے سے ویڈیو بنانے کے پیسے کہاں سے آئے؟

مصدق ملک نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف کارروائی کر رہی ہے، ان کی رقم پاکستانی روپے میں نہیں ڈالر میں ادا کی جاتی ہے اور باہر کا پیسہ باہر جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: شیریں مزاری کا اقوام متحدہ کو خط خود کو بچاؤ اپیل ہے، مصدق ملک

انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں پی ٹی آئی کو کہ وہ میری بات سے اختلاف کریں کہ انہوں نے ڈیوڈ فینٹم کو کنٹرکیٹ نہیں دیا اور وہ پاکستان کے خلاف مہم نہیں چلا رہا۔

مصدق ملک نے کہا کہ عمران خان سیاسی نظام کو نہیں ڈرا رہے، عمران خان کا لانگ مارچ حکومت اور سیاستدانوں کے خلاف نہیں بلکہ ریاست کے خلاف ہے، پی ٹی آئی اداروں کو ڈرانے کی کوشش کر رہی ہے اور اداروں سے معافی بھی مانگ رہے ہیں، وہ اداروں سے این آر او مانگ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بار بار کہہ رہے ہیں کہ ان کی نیوٹرلز سے بات ہو رہی ہے، اصل میں عمران خان نیوٹرلز سے انہیں اقتدار میں واپس لانے کی باتیں کر رہے ہیں، اور اگر نہ لائے تو لانگ مارچ کی دھمکی دے رہی ہیں لیکن آپ کی اپنی پارٹی کے لوگ ریاست کے خلاف کسی مارچ کا حصہ بننے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست کو سیاست کے ڈبے میں رہنے دیں اور ریاست کو ریاست کے ڈبے میں رہنے دیں، عمران خان کی امریکی سازش کی باتیں غلط تھیں اور سیکیورٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ کوئی سازش نہیں ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں