پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصل واڈا کی پارٹی رکنیت معطل کرتے ہوئے اسلام آباد میں کی گئی پریس کانفرنس پر دو روز میں وضاحت کے لیے شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے پارٹی رہنما فیصل واڈا کو شوکاز نوٹس اسلام آباد میں معروف صحافی ارشد شریف کے قتل اور لانگ مارچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کے فوری بعد چیئرمین کی ہدایت پر جاری کیا۔

مزیدپڑھیں: ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، ثبوت مٹا دیے گئے، فیصل واڈا

فیصل واڈا نے پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ ارشد شریف کو قتل کرنے کا منصوبہ پاکستان کے اندر بنایا گیا اور اس کا مقصد پاکستان میں افراتفری پھیلانا اور لاشیں گرانا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ لانگ مارچ میں خون ہی خون اور موت ہی موت نظر آرہی ہے اور اہم شخصیات سمیت کئی لوگ مارنے کی سازش کی جارہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی حیدر زیدی کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ‘فیصل واڈا کا بیان پاکستان کی پالیسی اور نکتہ نظر کی عکاسی نہیں کرتا’۔

اسد عمر نے کہا کہ ‘چیرمین عمران خان کی ہدایت پر سندھ کے صدر کو بتایا گیا ہے کہ فیصل واڈا کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کریں’۔

اس سے قبل علی حیدر زیدی نے اپنے بیان میں فیصل واڈا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘فیصل واڈا ہمارا لانگ مارچ کو نقصان پہچانے کی کوشش کر رہا ہے، دلچسپ بات ہے کہ تمام چینلز اور پی ٹی وی اس پریس کانفرنس کو دکھا رہے ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘یہ واضح ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے ان کو لانچ کیا ہے لیکن انہوں نے معقول بات نہیں کی، جب عمران خان سب کو واضح طور پر ہدایات جاری کرچکے ہیں کہ پرامن رہیں تو ان کی پریس کانفرنس کی کیا اہمیت ہے’۔

علی زیدی نے ایک اور ٹوئٹ میں فیصل واڈا کو پارٹی کی جانب سے رکنیت معطل کرنے کے ساتھ ساتھ وضاحت کے لیے دیا گیا شوکاز نوٹس بھی جاری کردیا۔

شوکاز نوٹس میں فیصل واڈا سے کہا گیا ہے کہ آپ نے پارٹی پالیسی اور ہدایات کے خلاف بیان دے کر نظم و ضبط کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

نوٹس میں بتایا گیا کہ یہ پارٹی کے قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس کے نتیجے میں اس نوٹس کے دو دن کے اندر اپنا جواب جمع کرائیں کہ کیوں نہ آپ کی پارٹی رکنیت ختم کردی جائے۔

مزید پڑھیں: کوئی کچھ بھی کہے، مجھے پتا ہے ارشد شریف کی ’ٹارگٹ کلنگ‘ کی گئی ہے، عمران خان

پی ٹی آئی سندھ کے صدر کی جانب سے جاری نوٹس میں مزید کہا گیا کہ جواب جمع کرانے تک پارٹی رکنیت معطل کردی جاتی ہے اور پارٹی کا عہدہ رکھنے یا میڈیا میں پارٹی کی نمائندگی کی اجازت نہیں دی جاتی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں