برج خلیفہ پر ’پٹھان‘ کے ٹریلر کی نمائش

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2023
شاہ رخ خان کی جھلک دیکھنے لاکھوں لوگ پہنچ گئے—فوٹو: ٹوئٹر
شاہ رخ خان کی جھلک دیکھنے لاکھوں لوگ پہنچ گئے—فوٹو: ٹوئٹر

بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی آنے والی میگا بجٹ فلم ’پٹھان‘ یوں تو رواں ماہ 25 جنوری کو ریلیز ہوگی، تاہم پہلے سے ہی اس کا بخار سر چڑھ کر بولنے لگا ہے اور اب اس کے ٹریلر کی نمائش دنیا کی سب سے بلند عمارت پر بھی کردی گئی۔

’پٹھان‘ کا ٹریلر 15 جنوری کو برج خلیفہ پر دکھایا گیا اور اس دوران شاہ رخ خان بھی وہاں موجود رہے۔

شاہ رخ خان نے ’پٹھان‘ کا ٹریلر دکھائے جانے سے قبل مداحوں کا جوش بڑھانے کے لیے ان سے بات بھی کی اور انہیں فلم کے ڈائلاگ بھی سنائے۔

علاوہ برج خلیفہ پر ’پٹھان‘ فلم کے گانے ’جھومے جو پٹھان‘ پر ٹیم نے رقص بھی کیا، جس دوران شاہ رخ خان بھی جھومتے دکھائی دیے۔

’پٹھان‘ کا ٹریلر دکھائے جانے سے قبل ہی مداح برج خلیفہ پہنچا شروع ہوگئے تھے اور شاہ رخ خان کے آنے کے بعد لاکھوں کی تعداد میں لوگ وہاں جمع ہوگئے۔

برج خلیفہ میں نمائش کے لیے ’پٹھان‘ کے ٹریلر کو خصوصی طور پر تیار کیا گیا تھا جب کہ عمارت پر اسکرین بھی اس طرح آویزاں کی گئی تھی کہ ٹریلر کے تمام کردار صاف دکھائی دیں۔

’پٹھان‘ کے ٹریلر کی برج خلیفہ پر نمائش کے حوالے سے 15 جنوری کو اس حوالے سے ٹوئٹر پر ٹرینڈ بھی ٹاپ پر رہا۔

خیال رہے کہ ’پٹھان‘ کے ٹریلر کو 10 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا اور اسے محض 6 گھنٹوں کے دوران یوٹیوب پر 40 لاکھ بار دیکھا گیا اور بھارت میں ٹوئٹر پر یہ ٹاپ ٹرینڈ بھی رہا۔

پروڈیوسر ادیتیا چوپڑا کی اس فلم کی ہدایات سدھارتھ آنند نے دی ہیں اور اسے 25 جنوری کو ہندی کے علاوہ دیگر مقامی زبانوں میں ریلیز کرنے کی تصدیق کی گئی۔

’پٹھان‘ کے پہلے گانے ’بے شرم رنگ‘ کو گزشتہ ماہ 12 دسمبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب تک 12 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

’بے شرم رنگ‘ کی ریلیز پر وہاں کے ہندوؤں نے احتجاج کرتے ہوئے شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکی بھی دی تھی۔

انتہاپسند ہندوؤں کے مطابق ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کو ان کے مقدس سمجھے جانے والے زعفرانی رنگ کا لباس پہنا کر ان سے نیم عریاں رقص کروایا گیا۔

انتہاپسندوں نے ’بے شرم رنگ‘ کو جواز بناکر شاہ رخ خان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کی فلم کے خلاف بائیکاٹ کا ٹرینڈ چلایا اور دھمکی دی کہ اگر فلم کو ریلیز کیا گیا تو ملک بھر میں مظاہرے شروع کیے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں