بھارت: ریلوے اسٹیشن پر نصب اسکرینز میں فحش ویڈیو چل گئی

پٹنہ ریلوے اسٹیشن — فائل فوٹو: ٹوئٹر
پٹنہ ریلوے اسٹیشن — فائل فوٹو: ٹوئٹر

پڑوسی ملک بھارت کی ریاست بہار کے شہر پٹنہ کے ریلوے اسٹیشن پر ٹرینز کی آمد و رفت کے لیے نصب کی گئی ٹی وی اسکرینز پر 4 منٹ تک فحش فلمیں چلنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد پولیس نے مقدمہ دائر کردیا۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق پٹنہ کے ریلوے اسٹیشن پر نصب ٹی وی اسکرینز پر صبح 9 بج کر 56 منٹ پر اچانک فحش ویڈیو کلپ چلنا شروع ہوئی، جسے دیکھ کر مسافر حیران رہ گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ٹی وی اسکرینز پر تقریباً 4 منٹ تک فحش کلپ چلتی رہی اور وہاں موجود مسافرین اپنے موبائل سے مناظر ریکارڈ کرتے رہے۔

رپورٹ کے مطابق مسافروں کی شکایت کے بعد ہی پلیٹ فارم انتظامیہ نے صبح 10 بجے ٹی وی اسکرینز کو بند کیا لیکن تب تک ان پر فحش کلپ چلتی رہی۔

اخبار کے مطابق معاملے کی اطلاع قریبی ریلوے پولیس اسٹیشن کو دی گئی، جس نے فوری طور پر دو مقدمات دائر کرکے ٹی وی اسکرینز پر آمد و رفت کے اعلانات کرنے والی کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کی قانونی کارروائی شروع کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریلوے انتظامیہ نے کمپنی کو نوٹس بھیج کر ان کا معاہدہ فوری طور پر ختم کردیا جب کہ کمپنی پر جرمانہ عائد کرنے اور اسے بلیک لسٹ قرار دیے جانے کی قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی۔

اسی حوالے سے ’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ریلوے اسٹیشنز پر نصب اسکرینز میں فحش کلپ چلنے کے بعد امریکی فحش فلموں کی اداکارہ نے اپنی ایک تصویر ٹوئٹ کرتے ہوئے مبہم انداز میں بتایا کہ اسکرینز پر چلنے والی ویڈیو کلپ ان کی فلم کی تھی۔

بعد ازاں اداکارہ نے اسی ٹوئٹ پر ایک مداح کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر تصدیق کی کہ انہیں یقین ہے کہ ریلوے اسٹیشن کی اسکرینز پر چلنے والی ویڈیو ان کی فلم کی تھی۔

دوسری جانب ریلوے اسٹیشنز کی اسکرینز پر فحش ویڈیو کلپ چل جانے کے بعد ٹوئٹر پر ’پٹنہ جنکشن‘ اور ’پٹنہ ریلوے اسٹیشن وائرل ویڈیو‘ کے نام سے ٹرینڈ بھی بھارت میں ٹاپ پر آگئے۔

لوگوں نے ٹوئٹر پر مذکورہ دونوں ہیش ٹیگز کا استعمال کرتے ہوئے مزاحیہ میمز شیئر کیں۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024