ملک کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات 6.8 شدت کا زلزلہ آیا جس کے نتیجے 10 افراد کی اموات کی رپورٹ ہوئیں۔

پاکستان کے شوبز ستاروں نے زلزلہ سے ہونے والی اموات پر افسوس اور ہمدری کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی رات 9 بجکر 47 منٹ پر آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.8 محسوس کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا علاقہ تھا جس کی گہرائی 180کلومیٹر تھی۔

خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ زلزلے کے یہ جھٹکے 30 سیکنڈ سے زائد دیر تک محسوس کیے گئے جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔

اداکار حمزہ علی عباسی نے لکھا کہ ’حضرت محمد ﷺ کا فرمان ہے کہ قیامت کی نشانیوں میں سے ایک زلزلوں کا مسلسل آنا، وقت کا تیزی سے بڑھنا اور ہلاکتوں میں اضافہ ہے، اللہ سب کے لیے آسانیاں فرمائے‘۔

گلوکار علی ظفر نے ٹوئٹ کے ذریعے تمام لوگوں کے محفوظ رہنے کی دعا کی۔

سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے لکھا کہ امید ہے کہ سب خیریت سے ہوں گے۔

اس کے علاوہ ماہرہ خان اور احمد علی بٹ نے انسٹاگرام اسٹوری پر لوگوں کے محفوظ رہنے کی دعا کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللہ رحم فرمائے‘۔

گلوکار و اداکار بلال اشرف نے بھی تمام لوگوں کے محفوظ رہنے کی دعا کی جبکہ ماورا حسین نے قرآنی آیت مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔

اداکار فیروز خان نے زلزلے سے ہونے والی اموات پر افسوس اور لوگوں کی حفاظت کے لیے دعا کی۔

کرکٹر بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی نے بھی زلزلہ متاثرین کے لیے دعا کی۔

تبصرے (0) بند ہیں