نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کے خلاف ریاست کے ردعمل میں اتنی ہی شدت آئے گی۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت نگران وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں باجوڑ میں پولیو ٹیم پر دہشت گرد حملے میں شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

نگران وزیراعظم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، ریاست ان کے لواحقین کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ان کی فلاح و بہبود کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ دہشت گرد جس قدر بزدلانہ کارروائیاں کریں گے ان کے خلاف ریاست کے ردعمل میں اتنی ہی شدت آئے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے تک انسداد پولیو مشن بھرپور طریقے سے جاری رہے گا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر جبری گمشدگیوں پر بنائی گئی کابینہ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔ نو تشکیل شدہ کمیٹی کی صدارت وفاقی وزیر قانون و انصاف کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے کینابیس کنٹرول اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس 2024 کی اصولی منظوری بھی دی۔

اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں