وفاقی حکومت نے غلام نبی میمن کو سندھ کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) کے طور پر تعینات کردیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی منظوری سے پاکستان پولیس سروس کے گریڈ 21 کے افسر غلام نبی میمن کا تبادلہ کرکے سندھ کا صوبائی پولیس افسر (پی پی او) تعینات کردیا گیا ہے۔

غلام نبی میمن اس وقت کامرس ڈویژن کے ماتحت اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ غلام نبی میمن کا سول سروس ایکٹ 1973کے سیکشن 10 کے تحت تبادلہ کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

واضح رہے کہ غلام نبی میمن اس سے قبل بھی آئی جی سندھ تعینات رہ چکے ہیں اور نگران صوبائی حکومت کے چارج سنبھالنے کے بعد 19 اگست 2023 میں ان کا تبادلہ کرکے رفعت مختار کو صوبے کا آئی جی مقرر کیا گیا تھا۔

غلام نبی میمن کو پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی سابقہ صوبائی حکومت نے جون 2022 میں صوبے کا نیا آئی جی تعینات کیا تھا اور اس سے قبل سندھ ہائی کورٹ نے قائم مقام آئی جی ڈاکٹر کامران فضل کو دعا زہرہ کو عدالتی حکم کے باوجود پیش کرنے میں ناکامی پر عہدہ چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں