خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور کی زیر صدرات محکمہ صحت کے اعلی سطح اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں وزیر اعلٰی نے 4 ماہ میں سروس عملاً شروع کرنے کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

اس کے علاوہ گنجان آباد علاقوں کے لیے موٹر بائیک رسپانس یونٹ قائم کرنے اور پشاور کے علاقہ حیات آباد کو ہیلتھ کیئر سٹی ڈکلیئر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں بزرگ شہریوں کے لیے ایگزیکٹو ہیلتھ چیک اپ پروگرام جاری کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 15 مارچ کو وزیر داخلہ پنجاب مریم نواز نے بھی پنجاب میں ائیر ایمبولینس سروس کے آغاز کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مریضوں کی ایمرجنسی منتقلی کے لئے اپنا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت بھی دے دی تھی۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے لوگ بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے ہی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقو ں میں حادثے کی صورت میں متاثرین کو بروقت ہسپتال پہنچانا ناگزیر ہے، سرگودھا اسپتال میں ہارٹ ٹیک کے مریض کو بے بس دیکھ کر دلی دکھ ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں