سال 2021 اور 2022 کے مقبول ڈرامے ’پری زاد‘ کے سیکوئل بنائے جانے کی تصدیق کردی گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ہم ٹی وی نیٹ ورک کے چیف ایگزیکٹو افسر درید قریشی کی ویڈیو میں انہوں نے مقبول ڈرامے کے دوسرے سیزن کو بنانے کی تصدیق کردی۔

درید قریشی کے مطابق ’پری زاد‘ کا سیکوئل تیار ہو رہا ہے اور اگلے سال اسے نشر کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’پری زاد‘ بہت اچھی کہانی تھی اور بہترین کہانی ہے، اس لیے اس کا سیکوئل آئندہ سال ریلیز کیا جائے گا۔

انہوں نے حال ہی میں اختتام کو پہنچنے والے مقبول ڈرامے عشق مرشد کی کہانی کی بھی تعریف کی لیکن انہوں نے فوری طور پر اس کے سیکوئل پر کوئی بات نہیں کی۔

درید قریشی کی جانب سے ’پری زاد‘ کا سیکوئل ریلیز کرنے کی تصدیق ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب کہ کچھ دن قبل ہی ڈرامے کے مرکزی کردار احمد علی اکبر نے دوسرے سیزن سے متعلق مبہم انداز میں بات کی تھی۔

احمد علی اکبر نےکہا تھا کہ انہوں نے ڈرامے کے رائٹر ہاشم ندیم کی انسٹاگرام اسٹوری پر ’پری زاد سیزن 2‘ کے بارے میں سنا تھا اور اب ہم ٹی وی کے سی ای او نے ڈرامے کے سیکوئل کی تصدیق کردی۔

’پری زاد‘ کو 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس کی آخری قسط جنوری 2022 میں سینمائوں میں دکھائی گئی تھی۔

یہ ڈراما اتنا زیادہ مشہور ہوا تھا کہ اس کا عربی زبان میں بھی ترجمہ کرکے اسے یوٹیوب پر نشر کیا گیا۔

احمد علی اکبر نے ’پری زاد‘ میں پری زاد نامی مرکزی کردار ادا کیا تھا جو کہ سانولی رنگت کے غریب مرد کا کردار ہوتا ہے جو بعد میں اپنے مالک کی جانب سے دی گئی دولت کے بعد امیر بن جاتا ہے۔

ڈرامے کے کردار کو اس کی رنگت، غربت اور بظاہر جسمانی ساخت کی وجہ سے متعدد خواتین نظر انداز کردیتی ہیں یا انہیں اس کے حصے کی محبت نہیں دیتیں لیکن اس کے باوجود کردار تمام خواتین کے ساتھ اچھائیاں کرتا دکھائی دیتا ہے۔

ڈرامے کو منفرد کہانی کی وجہ سے بہت سراہا گیا تھا اور اس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈز بھی بنائے تھے جب کہ احمد علی اکبر کو بھی اس سے شہرت ملی۔

ڈرامے کے اختتام پر عوام کی جانب سے اس کا سیزن 2 ریلیز کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں