کورونا وائرس: کے الیکٹرک کا اوسط یونٹس پر بلنگ کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 27 مارچ 2020
کے الیکٹرک نے کورونا وائرس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا—فائل فوٹو: ڈان
کے الیکٹرک نے کورونا وائرس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا—فائل فوٹو: ڈان

کراچی: کے الیکٹرک (کے ای) نے اپنے عملے اور صارفین کے تحفظ کو مد نظر رکھتے ہوئے فیزیکل میٹر ریڈنگ معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

فیزیکل میٹر ریڈنگ معطل کرنے کا مطلب یہ ہے کہ میٹر کو دیکھ کر ریڈنگ نہیں لی جائے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایک بیان میں ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی غیر معمولی حالات جس میں خود جاکر میٹر ریڈنگ لینا ممکن نہیں ہے، سے متعلق گائڈ لائنز کی روشنی میں کے الیکٹرک کے رہائشی اور کمرشل صارفین کا بل اوسط یونٹس کے استعمال کے حساب لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: کے-الیکٹرک، کراچی میں بارشوں کے دوران 35 میں سے 19 ہلاکتوں کی ذمہ دار قرار

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے 4 ہزار روپے سے کم والے بلز کی آخری تاریخ میں بھی 10 اپریل 2020 تک توسیع کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چونکہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے بل کی ڈلیوری پر اثر پڑسکتا ہے لہٰذا صارفین باآسانی کے الیکٹرک کی ویب سائٹ https://www.ke.com.pk پر اپنے قابل ادا بل کی معلومات یا بل کی نقل ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

ترجمان کے مطابق صارفین بذریعہ ایس ایم ایس بھی اپنا بل موصول کرسکتے ہیں جس کے لیے انہیں ایس ایم ایس میں بل (BILL) اسپیس '13 ہندسوں کا اکاؤنٹ نمبر' لکھ کر 8119 پر بھیجنا ہوگا۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے بچاؤ کے لیے صارفین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ بل کی ادائیگی کے لیے بینکوں میں جانے سے گریز کریں، صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کے الیکٹرک نے موبائل بینکنگ، ایزی پیسہ، جاز کیش یا اے ٹی ایمز سمیت متبادل ادائیگی کے پورٹل کی دستیابی کو یقینی بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کے-الیکٹرک نے صارفین کے بلوں میں اضافے سے متعلق خبریں مسترد کردیں

ترجمان کے مطابق اگرچہ متعدد بینکوں نے بل کی عدم موجودگی میں ڈیپوزٹ سلپ فراہم کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے لیکن صارف کو 13 ہندسوں کے اکاؤنٹ نمبر سمیت قابل ادا رقم کو ڈیپوزٹ سلپ پر لازمی بتانا پڑے گا۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ سروس عسکری بینک لمیٹڈ، بینک الحبیب لمیٹڈ، بینک الفلاح لمیٹڈ، فیصل بینک لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ، حبیب میٹرو بینک لمیٹڈ، میزان بینک لمیٹڈ اور ایم سی بی بینک لمیٹڈ سے حاصل کی جاسکتی ہے جبکہ ای پیمنٹ کی سہولت کی مکمل فہرست کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں