امریکا میں کورونا وائرس کے مریض چین سے بھی بڑھ گئے

27 مارچ 2020
امریکا میں 27 مارچ کی صبح تک مریضوں کی تعداد 86 ہزار تک پہنچ گئی تھی—فوٹو: اے پی
امریکا میں 27 مارچ کی صبح تک مریضوں کی تعداد 86 ہزار تک پہنچ گئی تھی—فوٹو: اے پی

کورونا وائرس کو چینی وائرس قرار دینے والے ملک امریکا میں حیران کن طور پر اس مرض سے سب سے زیادہ لوگ متاثر ہوگئے اور 27 مارچ کی صبح وہاں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 85 ہزار سے زائد ہوگئی۔

امریکا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اس وبا کے مرکز سمجھے جانے والے ملک چین سے بھی زیادہ ہوگئی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ امریکا میں اس مرض سے ہلاکتیں بھی چین سے بڑھ جائیں گی۔

کورونا وائرس کا آغاز دسمبر 2019 میں چین کے صوبے ہوبے کے شہر ووہان سے ہوا تھا اور وہاں پر مجموعی طور پر 81 ہزار 782 افراد اس مرض سے متاثر ہوئے جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد 3200 سے بھی کم رہی۔

چین میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں رواں ماہ مارچ میں حیران کن کمی آئی اور رواں ماہ کے وسط تک ووہان سے ایک بھی کیس سامنے نہین آیا تھا جس کے بعد ووہان سے لاک ڈاؤن کو بھی سلسلہ وار ختم کرنے کا آغاز کیا گیا۔

جہاں ایک طرف کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں چین میں کمی دیکھی جا رہی ہے، وہیں مذکورہ وائرس یورپ اور امریکا میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور عالمی ادارہ صحت پہلے ہی کہہ چکا تھا کہ کورونا وائرس کا نیا مرکز امریکا ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں چین سے زیادہ اموات، کورونا وائرس سے 3ہزار 245 افراد ہلاک

اور اب امریکا میں ہی اس وائرس کے سب سے زیادہ مریض سامنے آگئے جس کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی چین سمیت دیگر ممالک سے زیادہ ہونے کا امکان ہے، کیوں کہ وہاں ہلاکتیں بھی تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔

عالمی ادارہ صحت، امریکی صحت سے متعلق اداروں اور ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے کورونا وائرس کےمریضوں کے اعداد و شمار کے لیے بنائے گئے آن لائن میپ کے مطابق امریکا میں 27 مارچ کی صبح تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر 86 تک پہنچ گئی۔

جہاں امریکا میں مریضوں کی تعداد میں دیکھتے ہی دیکھتے حیران کن اضافہ ہوا، وہیں ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھی اور 27 مارچ کی صبح تک وہاں ہلاکتوں کی تعداد 1200 کے قریب تھی۔

کورونا کی وجہ ہلاکتوں میں اس وقت اٹلی پہلے، اسپین دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر ہے—فوٹو: اسکائی نیوز
کورونا کی وجہ ہلاکتوں میں اس وقت اٹلی پہلے، اسپین دوسرے اور چین تیسرے نمبر پر ہے—فوٹو: اسکائی نیوز

امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 246 ریکارڈ ہلاکتیں ہوئیں جب کہ گزشتہ دو دن سے امریکا سے یومیہ 10 ہزار سے زائد کورونا کے کیس سامنے آنے کے بعد امریکا نے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دنیا کے تمام ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا۔

26 مارچ کی شام تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریض چین کے بعد یورپی ملک اٹلی میں تھے تاہم اب اٹلی مریضوں کی تعداد کے حوالے سے پیچھے ہوچکا ہے۔

کورونا وائرس کے مریض جہاں امریکا میں تیزی سے بڑھ رہے ہیں، وہیں اٹلی کے بعد اسپین، جرمنی، فرانس اور برطانیہ میں بھی تیزی سے نئے کیس سامنے آ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اٹلی کے بعد اسپین میں بھی کورونا سے چین سے زیادہ ہلاکتیں

اگرچہ ایران میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ رہے ہیں، تاہم وہاں نئے کیسز کی رفتار کچھ کم ہوئی ہے اور وہاں یورپی ممالک اور امریکا سے کم نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

27 مارچ کی صبح تک ایران میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 29 ہزار سے زائد ہوچکی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بھی 2200 سے زائد ہوچکی تھی لیکن گزشتہ چند دن سے وہاں سے نئے آنے والے کیسز میں کچھ کمی دیکھی جا رہی ہے۔

27 مارچ کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 5 لاکھ 32 ہزار سے زائد ہوچکی تھی اور صرف 15 گھنٹوں میں دنیا بھر سے 50 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے۔

اسی طرح 27 مارچ کی صبح تک دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 24 ہزار سے زائد ہو چکی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں