’بابراعظم نے بھارت کے خلاف میچ کھیلا اس وقت ان کی والدہ ہسپتال میں تھیں‘

اپ ڈیٹ 31 اکتوبر 2021
اعظم صدیق کے مطابق بابر نے  شدید پریشانی میں تینوں میچ کھیلے — فائل فوٹو: رائٹرز
اعظم صدیق کے مطابق بابر نے شدید پریشانی میں تینوں میچ کھیلے — فائل فوٹو: رائٹرز

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران قومی ٹیم کے کپتان کی والدہ ناسازی طبیعت کے باعث انتہائی نگہداشت میں تھیں۔

خیال رہے کہ 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف میچ میں بابر اعظم نے محمد رضوان کے ساتھ 152 رنز کی شراکت قائم کرتے ہوئے نیا ریکارڈ بنایا تھا۔

بابر اعظم 68 اور محمد رضوان 79 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے اور بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ بھارت کو پاکستان سے شکست

قومی ٹیم کے کپتان کے والد اعظم صدیق نے ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کہا کہ ان کے بیٹے نے ورلڈ کپ کے تینوں میچ انتہائی پریشانی کے عالم میں کھیلے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’کچھ سچ اب میری قوم کو پتا ہونا چاہیے آپ سب کو تینوں جیت پر مبارک‘۔

اعظم صدیق نے کہا کہ ’ہمارے گھر پر بڑا امتحان تھا جس دن بھارت سے میچ تھا اس روز بابر کی والدہ انتہائی نگہداشت میں تھیں ان کا آپریشن ہوا تھا’۔

انہوں نے کہا کہ ’بابر نے شدید پریشانی میں یہ تینوں میچ کھیلے، میرا یہاں آنا نہیں بنتا تھا پر میں آیا کہ بابر کہیں کمزور نہ پڑ جائے‘۔

بابر اعظم کے والد نے کہا کہ ’پروردگار کا کرم ہے کہ اب وہ ٹھیک ہیں بات شیئر کرنے کا مقصد یہ ہے کہ خدارا اپنے قومی ہیروز کو بلا وجہ تنقید کا نشانہ نہ بنایا کریں’۔

یہ بھی پڑھیں: کھلاڑی زیادہ پرجوش نہ ہوں، توجہ ورلڈ کپ جیتنے پر ہونی چاہیے، بابر اعظم

انہوں نے مزید کہا کہ ’اور ہاں مجھے پتا ہے موت کے بغیر جنت نہیں ملتی اگر مقام ملتا ہے تو امتحان بھی دینے پڑتے ہیں، پاکستان زندہ باد’۔

بعدازاں بابراعظم کے منیجر طلحہ عاصم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر قوم کو آگاہ کیا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی والدہ صحتیابی کے بعد ہسپتال سے گھر واپس آگئی ہیں۔

انہوں نے بابر اعظم کی والدہ اور والد کے ہمراہ پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’الحمداللّٰہ، کپتان کی والدہ گھر پر ہیں اور آپ کی دعاؤں سے صحتیاب ہو رہی ہیں‘۔

پوسٹ پر بابر اعظم کے منیجر نے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید لکھا کہ ’ہم نیک تمناؤں اور محبتوں کے لیے آپ سب کے مشکور ہیں‘۔

خیال رہے کہ 24 اکتوبر کو جب پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں بھارت کو شکست دی تو بابر اعظم کے والد کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: حارث اور آصف کی عمدہ کارکردگی، پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے دی

وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد پاکستان کی جیت پر آبدیدہ ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اب تک آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ میں تینوں میچ جیت چکا ہے۔

قومی ٹیم نے 24 اکتوبر کو بھارت، 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور 29 اکتوبر کو افغانستان کا شکست دی تھی۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان، اگلا میچ نمیبیا کے خلاف کھیلے گا جو نومبر بروز منگل کو ابو ظبی میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں