کوئٹہ: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید

25 فروری 2022
دہشت گردوں کا نشانہ بننے والے اہلکاروں میں سے ایک اے ایس آئی تھا— فائل/فوٹو: غالب نہاد
دہشت گردوں کا نشانہ بننے والے اہلکاروں میں سے ایک اے ایس آئی تھا— فائل/فوٹو: غالب نہاد

کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت پولیس کے دو اہلکار شہید ہوگئے۔

ڈان ڈاٹ کام کو کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس فدا حسین شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہر کے نواحی علاقے مشرقی بائی پاس میں نامعلوم افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی اور اس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق اور ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 10 دہشت گرد ہلاک

انہوں نے کہا کہ شہید اہلکاروں میں سے ایک اے ایس آئی اور دوسرا کانسٹیبل تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور فائرنگ کا نشانہ بننے والے پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ پولیس کی وین پر فائرنگ کی گئی تاہم سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضح ہوا کہ مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ مقامی ہوٹل میں کھانے کے لیے بیٹھے ہوئے تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بیان میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی اور دہشت گردی کے واقعے میں جوانوں کی شہادت پر دکھ کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سینئر پولیس افسر محسن بٹ آئی جی بلوچستان مقرر

انہوں نے کہا کہ تخریبی عناصر صوبے میں امن خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن امن و امان کی صورت حال پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام اپنی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ‘پولیس افسران اور اہلکاروں کو ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے ڈرایا نہیں جا سکتا’۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے علاقے کی سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز سینئر پولیس افسر محسن حسن بٹ کو بلوچستان کا آئی جی مقرر کردیا تھا۔

اس سے قبل 23 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں کارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 4 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ‘سیکیورٹی فورسز نے ہوشاب کے علاقے میں دہشت گردوں کی کیمپ اور ٹھکانے میں موجودگی کی اطلاع پر بلوچستان میں غیرملکی اسپانسرڈ امن کے دشمنوں کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائی کی’۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے کے‘نتیجے میں دہشت گرد کمانڈر ماسٹر آصف عرف مکیش سمیت 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے’۔

سیکیورٹی فورسز نے 18 فروری کو بلوچستان کے علاقے بلیدا میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تھی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

کوئٹہ میں 7 فروری کو سریاب روڈ پر موٹر سائیکل میں نصب بم کے دھماکے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

یاد رہے کہ 2 فروری کو دہشت گردوں کی جانب سے نوشکی اور پنجگور میں واقع سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دو علیحدہ علیحدہ حملے کیے گئے تھے۔

تاہم سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دونوں حملوں کو ناکام کردیا گیا تھا جس میں 20 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے جبکہ اس سلسلے میں سیکیورٹی کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں