موٹاپا ختم کرنے کیلئے ملک کی پہلی روبوٹک سرجری، خاتون کا معدہ چھوٹا کردیا گیا

12 مارچ 2024
ماہرین طب نے مفت میٹابولک سرجری کو غریب عوام کےلیے تحفہ قرار دیا—فوٹو:ڈان نیوز
ماہرین طب نے مفت میٹابولک سرجری کو غریب عوام کےلیے تحفہ قرار دیا—فوٹو:ڈان نیوز

جناح ہسپتال کراچی میں پاکستانی تاریخ کی پہلی ربوٹک سرجری میں کامیابی سے خاتون کا معدہ چھوٹا کردیا گیا۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق موٹاپے کو ہزار بیماریوں کی جڑ کہا جا تا ہے جس کے خاتمے کے لیے پاکستان میں معدہ چھوٹا کرنے کی پہلی کامیاب روبوٹک سرجری کی گئی۔

اس کامیاب سرجری کے نتیجے میں خاتون شہری کو ذیابیطس کے مرض سے بھی نجات مل گئی، ڈاکٹرز کی ایک ٹیم نے ڈاکٹر پروفیسر شاہد رسول کی سربراہی میں ایک گھنٹہ طویل آپریشن کیا گیا جس میں 140 کلو وزنی 45 سالہ خاتون کا معدہ چھوٹا کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق روبوٹک سرجری کے نتیجے میں مریض کا وزن ایک تہائی کم ہونے کا امکان ہے جب کہ اس کامیاب آپریشن کے بعد موٹاپے سے منسوب بیماریوں شوگر اور بلڈ پریشر کا بآسانی خاتمہ بھی ممکن ہوگا۔

بیرون ملک سے آنے والے ماہرین طب نے جناح ہسپتال میں ہونے والی موٹاپے اور میٹابولک سرجری کو غریب عوام کےلیے تحفہ قرار دیا۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غریب عوام کے لیے مفت سرجری کی سہولت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی، اس کے بہت سے فوائد ہیں، اس روبوٹ کے آرمز انسانی ہاتھ کی نسبت زیادہ جہتوں میں گھوم کر با آسانی کام کرسکتے ہیں۔

اس لائیو روبوٹک سرجری کو دیکھنے کے لیے بیرونی ماہرین کے علاوہ پاکستان کے مختلف شہروں سے بھی سرجنز جناح ہسپتال کراچی آئے۔

تبصرے (0) بند ہیں