عدالت کا ایان علی کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کیلئے وزارت داخلہ کو خط

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2019
ایان علی جب بھی ملک واپس آئیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی،عدالتی حکم— فوٹو: بشکریہ فیس بک
ایان علی جب بھی ملک واپس آئیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی،عدالتی حکم— فوٹو: بشکریہ فیس بک

راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کے ریڈ وارنٹ کے لیے وزرات داخلہ کو خط لکھ دیا۔

کسٹم عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی جس میں محکمہ کسٹم کی جانب سے پراسیکیوٹر امین فیروز پیش ہوئے۔

عدالت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 512 کے تحت گواہان کے بیانات قلمبند کیے جس کے بعد عدالت نے ملزمہ ایان علی کے خلاف کیس داخل دفتر کردیا۔

بعدازاں عدالت نے حکم دیا کہ ایان علی جب بھی ملک واپس آئیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں: کرنسی اسمگلنگ کیس: ماڈل ایان علی اشتہاری قرار

سماعت کے دوران عدالت نے ملزمہ کے ریڈوارنٹ کے لیے وزارت داخلہ کو خط لکھ دیا جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر کسٹمز امین فیروز نے کہا کہ ریڈ وارنٹ کے لیے قانون کےمطابق کارروائی ہوگی۔

خیال رہے کہ رواں ماہ 9 مارچ کو ہونےوالی سماعت میں عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل ایان علی کی مسلسل غیر حاضری پر انہیں اشتہاری قرار دیتے ہوئے ملزمہ کے اثاثہ جات ضبط کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

کرنسی اسمگلنگ کیس

ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جس کے بعد ان کے خلاف کسٹم کی عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی اور کسٹم کے عبوری چالان میں انہیں قصور وار ٹھہرایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ماڈل ایان علی کی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض

بعد ازاں ایان علی نے راولپنڈی کی کسٹم عدالت اور لاہور ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی درخواست دائر کی، جسے مسترد کردیا گیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی دوسری درخواست کا فیصلہ ماڈل کے حق میں آیا جس کے بعد انہیں عدالت کے حکم پر جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Raheem uddeen Mar 26, 2019 04:21pm
Justice delayed is justice denied, she must also be held accountable for murder of honest inspector investigating this money laundering case.