ماڈل ایان علی کی وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کا اعتراض

ایان علی کی درخواست میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی تھی کہ کسٹم عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری واپس لیے جائیں — فائل فوٹو/ بشکریہ فیس بک
ایان علی کی درخواست میں عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی تھی کہ کسٹم عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری واپس لیے جائیں — فائل فوٹو/ بشکریہ فیس بک

لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے ماڈل ایان علی کی جانب سے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے خلاف دائر درخواست پر اعتراض لگا کر اسے واپس کردیا۔

رجسٹرار آفس نے اپنے اعتراض میں کہا کہ ایان علی کی پاکستان میں غیر موجودگی میں درخواست کو سماعت کے لیے مقرر نہیں کیا جا سکتا۔

گزشتہ روز ماڈل ایان علی نے کسٹم عدالت کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

ایان علی نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست آفتاب باجوہ ایڈووکیٹ کی توسط سے ہائیکورٹ میں دائر کی تھی۔

مزید پڑھیں: ایان علی نے وارنٹ گرفتاری کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

درخواست میں ایان علی نے موقف اختیار کیا تھا کہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کا سامنا کرنے کے لیے ٹرائل عدالت پیش ہونا چاہتی ہوں اور مجھے بے گناہی ثابت کرنے کے لیے کسٹم عدالت میں پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔

انہوں نے درخواست میں مزید کہا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 10 اے کے تحت شفاف ٹرائل ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔

ایان علی نے اپنی درخواست میں استدعا کی تھی کہ کسٹم عدالت کی جانب سے جاری وارنٹ گرفتاری واپس لیے جائیں۔

خیال رہے کہ کسٹم عدالت نے مسلسل پیش نہ ہونے پر ماڈل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرنسی اسمگلنگ کیس: ماڈل ایان علی اشتہاری قرار

23 جنوری 2019 کو راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ملزمہ ماڈل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے تھے کہ بادی النظر میں ملزمہ کرنسی اسمگلنگ میں ملوث پائی گئیں۔

یاد رہے کہ ایان علی پر 5 لاکھ ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کرنے کے الزام کے تحت کسٹم حکام نے مقدمہ درج کیا تھا۔

کرنسی اسمگلنگ کیس

ماڈل ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہونے کے بعد انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا جس کے بعد ان کے خلاف کسٹم کی عدالت میں کیس کی سماعت شروع ہوئی اور کسٹم کے عبوری چالان میں انہیں قصور وار ٹھہرایا گیا۔

مزید پڑھیں: 'بادی النظر میں ملزمہ ایان علی کرنسی اسمگلنگ میں ملوث پائی گئیں'

بعد ازاں ایان علی نے راولپنڈی کی کسٹم عدالت اور لاہور ہائی کورٹ میں اپنی ضمانت کی درخواست دائر کی، جسے مسترد کردیا گیا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت کی دوسری درخواست کا فیصلہ ماڈل کے حق میں آیا جس کے بعد انہیں عدالت کے حکم پر جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں