زائرہ وسیم کا بھاری معاوضے کی پیشکش کے باوجود بگ باس میں شرکت سے انکار؟

اپ ڈیٹ 09 جولائ 2019
زائرہ وسیم کو متنازع شو میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی—فوٹو: فیس بک
زائرہ وسیم کو متنازع شو میں شرکت کی دعوت دی گئی تھی—فوٹو: فیس بک

بولی وڈ فلم ’دنگل‘ سے کیریئر شروع کرنے اور شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ زائرہ وسیم نے اگرچہ رواں ماہ کے آغاز میں بولی وڈ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ وہ بولی وڈ کو چھوڑنے کے بعد بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی ٹی وی شو ’بگ باس 13‘ میں شرکت کریں گی۔

اس شو کا آغاز رواں برس 29 ستمبر کو ہونا ہے اور خبریں ہیں کہ اس بار بھی سلمان خان اس شو کی میزبانی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: زائرہ وسیم متنازع ریئلٹی شو بگ باس میں شرکت کریں گی؟

یہ شو ’کلرز ٹی وی‘ پر نشر ہوتا ہے جو چند ماہ تک جاری رہتا ہے، اس شو میں شرکت کرنے والے زیادہ تر اداکار متنازع ہوتے ہیں اور شو کی انتظامیہ کی خواہش ہے کہ زائرہ وسیم بھی اس بار اس کا حصہ بنیں۔

خبریں تھیں کہ زائرہ وسیم کو بگ باس کی انتطامیہ نے شرکت کی دعوت دیتے ہوئے بھارتی معاوضے کی پیش کش کی ہیں۔

اطلاعات تھیں کہ زائرہ وسیم کو بگ باس میں شرکت کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی پیش کش کی گئی تھی۔

کیا جا رہا تھا کہ زائرہ وسیم بھاری معاوضے کی پیش کش کی وجہ سے بگ باس میں شرکت کریں گی اور شو میں بھی بولی وڈ چھوڑنے کا اعلان کریں گی۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ زائرہ وسیم نے بھاری معاوضے کی پیش کش کو نظر میں نہ لاتے ہوئے شو میں شرکت سے انکار کردیا۔

شوبز ویب سائٹ ’لیٹسٹلے‘ نے ذرائع سے بتایا کہ زائرہ وسیم کو سلمان خان کی میزبانی میں شروع ہونے والے شو بگ باس میں شرکت کے لیے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے کی پیش کش کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ نے بھاری معاوضے کے باوجود متنازع شو میں شرکت کرنے سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ زائرہ وسیم نے یکم جولائی کو سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد فلم انڈسٹری کو چھوڑ دیں گی۔

اداکارہ نے فلم انڈسٹری کو چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اعتراف کیا تھا کہ انہیں کم عمری میں شہرت ملی اور انہیں فلم انڈسٹری سے اچھا پیار بھی ملا اور انہوں نے اچھا مقام بھی حاصل کیا۔

زائرہ وسیم نے 13 برس کی عمر میں اداکاری کی شروعات کی—فوٹو: انسٹاگرام
زائرہ وسیم نے 13 برس کی عمر میں اداکاری کی شروعات کی—فوٹو: انسٹاگرام

تاہم اداکارہ نے بتایا کہ انہیں اب احساس ہونے لگا ہے کہ وہ اس کام کے لیے نہیں تھیں اور یہ کہ اداکاری کی وجہ سے ان کا ایمان و عقیدہ متاثر ہو رہا ہے، اس لیے اب وہ فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی کر رہی ہیں۔

زائرہ وسیم نے 5 سال قبل عامر خان کی فلم ’دنگل‘ سے محض 13 برس کی عمر میں کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ انتہائی کم عمری میں مشہور ہوگئی تھیں۔

زائرہ وسیم نے اب تک صرف 2 فلموں ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں کام کیا ہے اور جلد ہی ان کی تیسری اور آخری فلم ’اسکائے از پنک‘ ریلیز کی جائے گی، جس کےبعد وہ بولی وڈ کو خیرباد کہ دیں گی۔

اطلاعات ہیں کہ وہ اپنی آخری فلم کی تشہیر بھی نہیں کریں گی۔

زائرہ وسیم کی جانب سے بولی وڈ کو خیرباد کہنے کے اعلان کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری میں بحث جاری ہے، جہاں کچھ افراد نے ان کے فیصلے کو جذباتی قرار دیا تو وہیں کچھ شخصیات نے ان کے فیصلے کو درست قرار دیا۔

زائرہ وسیم کی جانب سے مذہبی وجوہات کی بناء پر انڈسٹری چھوڑنے کے فیصلے کو ہندو انتہاپسند سیاستدان سوامی چکرپانی نے ان کی تعریف کی تھی اور ہندو اداکاراؤں کو بھی مسلمان اداکارہ کے نقش قدم پر چلنے کا کہا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں