• KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 12:02pm Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:26pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:56am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 12:02pm Asr 3:22pm

کورونا وبا: پاکستان میں کیسز کی تعداد 60 ہزار سے زائد، اموات 1239 ہوگئیں

شائع May 27, 2020 اپ ڈیٹ May 28, 2020
پاکستان میں کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کیسز میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: اے پی

عالمی وبا کورونا وائرس سے جہاں دنیا بھر میں 55 لاکھ سے زائد افراد متاثر اور 3 لاکھ 46 ہزار سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں وہیں پاکستان میں بھی اس وبا کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے جبکہ اموات کی شرح میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اس وقت مصدقہ کیسز کی تعداد 60 ہزار 154 ہوچکی ہے جبکہ اموات 1239 تک پہنچ گئی ہیں۔

ملک میں اس وبا کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور اب اس وائرس کو 3 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، تاہم اس دوران یہ وائرس آہستہ آہستہ ملک میں اپنے پنجے گاڑتا گیا۔

فروری کے 4 روز اور مارچ کے آخر تک اس وائرس کے کیسز کی تعداد اتنی زیادہ نہیں تھی تاہم اپریل میں اس میں اضافہ ہوا جو بعد ازاں مئی میں دگنی حد تک بڑھ گیا۔

اگر صرف کیسز میں تیزی کا جائزہ لیں تو مارچ کے آخر تک 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات تھیں جو اپریل کے آخر تک ساڑھے 16 ہزار کیسز اور 385 اموات تک پہنچ گئی۔

تاہم مئی میں ان کیسز کی تعداد بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یومیہ ہزار سے زائد کیسز آرہے ہیں، جس کے باعث مئی کے 26 دنوں میں 41 ہزار سے زائد کیسز اور 825 اموات کا اضافہ ہوا۔

آج (27 مئی) کو بھی پاکستان میں کورونا وبا کے کیسز اور اموات کی تعداد بڑھی جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ سامنے آیا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 699 نئے کیسز اور 6 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2177 ٹیسٹ کیے جس میں سے 699 مثبت آئے، اس طرح صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 24 ہزار 206 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6 افراد کا انتقال بھی ہوا جس سے مجموعی اموات 380 تک پہنچ گئیں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس وقت صوبے میں 235 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 42 وینٹی لیٹر پر موجود ہیں۔

پنجاب

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق کورونا کے 464 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 21118 ہوگئی۔

بیان میں مزید 10 افراد کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد پنجاب میں کورونا سے اموات کی تعداد 362 ہوگئی ہے۔

صوبے میں وبا کے 6185 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 73 کی حالت تشویشناک ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس سے مزید افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری سطح پر قائم ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 151 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی۔

جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 1728 سے بڑھ کر 1879 تک پہنچ گئی جبکہ اموات کی تعداد 18 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 224 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 8483 ہوگئی۔

کورونا سے پشاور میں 7 جبکہ سوات اور کوہاٹ میں ایک، ایک مریض کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی۔

اس اضافے کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 425 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا وائرس کے مزید 80 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 3616 ہوگئی۔

بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 2286 ہے جبکہ 1289 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

ادھر گلگت بلتستان میں کورونا وبا کے مزید 8 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک فرد اس وائرس سے انتقال کرگیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 630 سے بڑھ کر 638 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں علاقے میں ہونے والی مزید ایک موت کے بعد وہاں اب تک اس وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

اسی طرح آزاد کشمیر جو اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثرہ علاقہ ہے وہاں کیسز اور اموات کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں مزید 3 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 2 افراد اس وائرس سے لقمہ اجل بن گئے۔

جس کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 211 سے بڑھ کر 214 ہوگئی جبکہ اموات 2 سے بڑھ کر 4 ہوگئیں۔

صحتیاب افراد

تاہم کیسز اور اموات کی اس تعداد کے باوجود اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

ملک میں اس وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 828 لوگ شفایاب ہوگئے۔

جس کے بعد اب تک ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 18 ہزار 314 سے بڑھ کر 19 ہزار 142 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ملک کی مجموعی صورتحال کو دیکھیں تو 60 ہزار 154 مصدقہ کیسز میں سے 1239 انتقال کرچکے ہیں جبکہ 19 ہزار 142 صحتیاب ہوئے ہیں تو اس طرح 39 ہزار 773 فعال کیسز اس وقت موجود ہیں۔

اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبہ سندھ ہے جہاں کیسز کی تعداد 24 ہزار 206 ہے جس کے بعد پنجاب میں 21 ہزار 118 کیسز سامنے آئے ہیں۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں یہ وائرس 8 ہزار 483 لوگوں کو متاثر کرچکا ہے جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 3 ہزار 616 ہے۔

اسلام آباد میں اب تک ایک ہزار 879 لوگ وائرس کا شکار ہوئے ہیں تو گلگت بلتستان میں یہ وبا 638 اور آزاد کشمیر میں 214 لوگوں کو متاثر کرچکی ہے۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

خیبرپختونخوا: 425

سندھ: 380

پنجاب: 362

بلوچستان: 41

اسلام آباد: 18

گلگت بلتستان: 09

آزاد کشمیر: 04


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 59 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1200 سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 12 دسمبر 2024
کارٹون : 11 دسمبر 2024