اومیکرون ویرینٹ: کرسمس کی تعطیلات کے دوران 2 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ

اپ ڈیٹ 25 دسمبر 2021
منسوخ اور مؤخر پروازوں میں امریکہ کی 500 پروازیں شامل ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز
منسوخ اور مؤخر پروازوں میں امریکہ کی 500 پروازیں شامل ہیں—فائل فوٹو: رائٹرز

تیزی سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون نے تعطیلات میں سفر کو متاثر کردیا، دنیا بھر میں 2 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ فلائٹ اویر ڈاٹ کام نے بتایا کہ جمعے کو دنیا بھر میں مجموعی طور پر 2ہزار 118 پروازیں منسوخ اور 5 ہزار 700 تاخیر کا شکار ہوئیں، جس میں امریکی ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی 500 پروازیں شامل ہیں۔

کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے بعد پائلٹس اور پرواز کے عملے کے بیمار پڑنے یا قرنطینہ میں جانے کی وجہ سے لفتھانزا، ڈیلٹا، یونائٹیڈ ائیرلائنز اور دیگر ائیرلائنز پروازیں منسوخ کرنے پر مجبور ہیں۔

مزید پڑھیں: پروازوں کی اچانک منسوخی پر غیر ملکی ایئرلائنز کو تنبیہ

فلائٹ اویر کے مطابق یونائیٹڈ ائیرلائن نے جمعے کو 170 یا شیڈول کی گئیں 9 فیصد پروازیں منسوخ کیں۔

یونائٹیڈ ائیرلائن کا کہنا ہے کہ’ رواں ہفتے اومیکرون کے بڑھتے ہوئے کیسز نے قومی سطح پر پروازوں کے آپریشن کو براہِ راست متاثر کیا ہے‘، اس کے نتیجے میں بدقسمتی سے ہمیں پروازیں منسوخ کرنی پڑیں اور متاثرہ صارفین کو قبل از وقت مطلع کردیا گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ائیر پورٹ آنے والے مسافروں کے لیے جلد از جلد پروازیں بک کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔

اسی طرح ڈیلٹا ائیرلائن نے بھی 145 سے زائد پروازیں منسوخ کی ہے، انہوں نے کہا کہ ’طے شدہ احاطے کے لیے شیڈول پروازوں اور متبادل طیاروں سمیت تمام تر سہولیات کو ختم کردیا گیا ہے‘۔

کمپنی نے کہا کہ ’ہم تعطیلات کےدوران سفر کے منصوبے میں تاخیر پر اپنے صارفین سے معذرت چاہتے ہیں‘۔

مزید پڑھیں:غیر ملکی پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا

ملازمین کے کورونا وائرس کا شکار ہونے اور خود کو قرنطینہ میں آئسولیٹ کرنے کے بعد الاسکا ائیر لائنز کی 10 پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

تاہم بہت سے امریکی شہری جو گزشتہ سال کرسمس کے بعد تعطیلات کے دوران اپنے اہل خانہ سے ملنے کے خواہش مند تھے، عالمی وبا کے باعث پروازیں منسوخ ہونے سے انہیں سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں